ممبئی ۔ بی سی سی آئی کے سالانہ عام اجلاس کے وقت آئی پی ایل میں دو نئی ٹیموں کو شامل کرنے سمیت 23 نکات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔بی سی سی آئی کا سالانہ عام اجلاس24 دسمبرکو ہوگا اوربورڈ کے سکریٹری جئے شاہ نے ریاستی کرکٹ اسوسی ایشن کے نمائندوں کو اس کے بارے میں آگاہ کیا ہے ۔ اس میں بتایا گیا ہے کہ بورڈ کے89 ویں عام اجلاس میں23 نکات پر تبادلہ خیال کیا جائے گا جس میں نائب صدرکا انتخاب بھی شامل ہے ۔ واضح رہے کہ گذشتہ سال بلامقابلہ منتخب ہونے والے ماہم ورما نے اس سال اپنے عہدے سے استعفیٰ دے دیا تھا۔ اس کے علاوہ آئی پی ایل گورننگ کونسل میں دو نمائندوں کے انتخاب ، جنرل باڈی میں دو افراد کا انتخاب اور ہندوستانی کرکٹ اسوسی ایشن کے ایک نمائندے کو بھی منتخب کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ اس اجلاس میں لاس اینجلس میں 2028 میں ہونے والے اولمپکس میں کرکٹ کو شامل کرنے پر بھی تبادلہ خیال کیا جائے گا۔