دبئی ۔ ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) باقی آئی پی ایل2021 سیزن کو متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) میں کروانے کا فیصلہ کرنے کے بعداس سمت میں سرگرم طریقہ سے کام کررہا ہے ۔ امارات کرکٹ بورڈ(ای سی بی) سے بات چیت کے بعد بی سی سی آئی کے عہدیدار اب متحدہ عرب امارات کی حکومت سے آئی پی ایل2021 کے انعقاد کے بندوبست کو حتمی شکل دینے پر بات چیت کرنے کے لئے دبئی پہنچ گئے ہیں۔ بی سی سی آئی کے سکریٹری جئے شاہ ، خزانچی ارون سنگھ دھومل ، نائب صدر راجیو شکلا اور جوائنٹ سکریٹری جیش جارج کی موجودگی والا وفد خصوصی اجازت ملنے کے بعد پیر کے روز دبئی پہنچا ہے ۔ اطلاعات کے مطابق ، متحدہ عرب امارات کی حکومت کے ہندوستان سے سفر پر پابندی کے پیش نظر ای سی بی کے عہدیداروں کو بی سی سی آئی عہدیداروںکے یہاں آنے کی اجازت حاصل کرنے کے لئے متحدہ عرب امارات کی حکومت سے رجوع کرنا پڑا تھا۔ اجازت ملنے کے بعد عہدیدار چارٹر فلائٹ کے ذریعے یہاں پہنچے ہیں۔ ای سی بی کے عہدیداروں کے مطابق اس مرتبہ31 میچوں کاانعقاد مشکل نہیں ہوگا کیونکہ ان کے پاس گزشتہ سال اسے منعقد کرنے کا تجربہ ہے ۔ اس کے علاوہ ان کے پاس انعقاد سے متعلق بندوبست کرنے کے لئے 100 دن کا اضافی وقت ہے ۔یادر ہے کہ ہندوستان میںکورونا کی دوسری لہر کے باعث آئی پی ایل 2021 ملتوی کردیا گیا ہے۔