لاہور۔17اپریل (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین احسان مانی نے واضح الفاظ میں کہا ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کورونا وبائی امراض کی وجہ سے غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کئے گئے انڈین پریمیر لیگ کے لئے جگہ بنانے کے مقصد سے ستمبر میں متحدہ عرب امارات میں منعقد ہونے والے ایشیاء کپ کو منسوخ کرنے پر کسی قیمت پر راضی نہیں ہوگا۔ رپورٹ کے مطابق مانی نے مزید کہا کہ میں نے ان قیاس آرائیوں کے بارے میں پڑھا اور سنا ہے لیکن ابھی بس اتنا یاد رکھنا ہے کہ ایشیا کپ کا ہونا یا نہ ہونا پاکستان اور ہندوستان کے درمیان ہی فیصلہ پر منحصر نہیں ہے اس میں دوسرے ممالک بھی شامل ہیں۔یہ محض ہندوستان اور پاکستان کا معاملہ نہیں بلکہ اس میں بعض دوسرے ممالک بھی ملوث ہیں،کسی ایک ملک کی خاطران کے مفادات کو نقصان نہیں پہنچا سکتے۔ پاکستان کو اس ایوینٹ کی میزبانی کرنی تھی لیکن ہندوستان کی جانب سے سلامتی خدشات اور دونوں ممالک کے مابین کشیدہ سفارتی تعلقات کی وجہ سے ہندستان کے یہاں آنے سے انکار کے بعد اسے دبئی اور ابوظہبی منتقل کرنے پر غورکیا گیا تھا۔احسان مانی نے واضح کردیا ہے کہ کورونا وائرس کے التوا کے نتیجے میں متبادل ونڈو تلاش کرنے کی خاطر ستمبر میں ایشیا کپ ٹی ٹوئنٹی ٹورنمنٹ کی منسوخی پر پاکستان کرکٹ بورڈ کسی بھی حالت میں رضامند نہیں ہوگا۔واضح رہے کہ میڈیا میں یہ خبریں گردش کر رہی ہیں کہ کورونا وائرس کی وبا کے باعث غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کئے جانیوالے آئی پی ایل کو رواں سال کے دوران حالات کی بہتری پر کسی بھی وقت آرگنائز کیا جا سکتا ہے اور اگر اس کیلئے ایشیا کپ کو منسوخ کرنا پڑا تو اس سے بھی گریز نہیں کیا جائیگا۔واضح رہے کہ پی سی بی کی کوشش ہے کہ ہندوستان کے ایشیا کپ میچوں کا انعقاد تو متحدہ عرب امارات میں ہی کیا جائے لیکن باقی میچ شیڈول کے مطابق پاکستان میں ہی کھیلے جائیں جس سے ملک میں انٹرنیشنل کرکٹ کی بحالی کو تقویت مل سکتی ہے اور اس بارے میں حتمی فیصلہ ایشین کرکٹ کونسل کے آئندہ اجلاس میں ہی ممکن ہے جو کورونا وائرس کے پھیلاو کے بعدمارچ میں ملتوی کردیا گیا تھا۔