آج بالوں کو ریشم سا بنانا ہے

   

اگر آپ لمبے، گھنے، مضبوط اور چمکدار بالوں کی خواہشمند ہیں تو تیل آپ کے بالوں کی تمام پریشانیاں دور کرنے اور بالوں کو صحت مند و چمکدار بنانے کیلئے اعلیٰ حل اور ذریعہ ہے۔اس کا استعمال بالوں کے فولیکلز کی مناسب نشو و نما و گروتھ کیلئے ضروری غذائیت فراہم کرتا ہے۔ سر کی جلد اور بالوں پہ تیل لگانے کا رجحان آج کل بہت کم ہو گیا ہے شاید یہی وجہ ہے کہ ہر دوسرا شخص گنج پن، وقت سے پہلے بالوں کے سفید ہونے، بالوں کے جھڑنے اور خشکی و سکری کی شکایت کرتا نظر آتا ہے۔
روکھے بالوں سے نبٹیئے : بال بے رونق تب ہوتے ہیں جب ان کی بیرونی کیوٹیکل لیئر کھلتی ہے نمی باہر کی سطح پر آ جاتی ہے بال پھول کر خراب ہوتے جاتے ہیں۔ایسا موسمی اثرات کے باعث بھی ہوتا ہے یا پھر گیلے بالوں کو تولیے سے بری طرح رگڑ رگڑ کر صاف کرنے کی وجہ سے بھی ہو سکتا ہے روکھے بالوں کو سیدھا کرنے کا حل یہ ہے کہ ان کی نوکیں کاٹ کر سیدھا کر لیا جائے اور ہر دوسرے یا تیسرے دن بلو ڈرائر کو فاصلے پر رکھتے ہوئے استعمال کیا جائے۔
کچھ ضروری وضاحت : اگر آپ کے بال بار بار بھیگتے ہوں مثلاً سوئمنگ پول میں تیراکی کرنے کے بعد، پکنک کے موقع پر گھنٹوں سمندری پانی سے نہانے کے بعد۔ یاد رہے کہ اس صورت میں بالوں کیلئے مستند ڈاکٹر کا تجویز کردہ شیمپو استعمال کرنا ہی آپ کے حق میں بہتر ہو گا۔ایک اور اہم بات بھی نوٹ کر لیجئے وہ یہ کہ نمکین پانی میں شامل دھات کلورین آپ کے رنگے ہوئے بالوں کی لٹوں کو بھی بدنما رنگوں میں تبدیل کر سکتی ہے۔
نمی کی میگا مقدار : ماحولیاتی عوامل، مثلاً آلودگی اور پانی کی قسم پر ضرور غور کیجئے۔بالوں کی دیکھ بھال اور انہیں صحت مند اور چمکدار رکھنے کیلئے یہ ایک انتہائی اہم نقطہ ہے کہ بالوں میں قدرتی نمی اور ملائمت دکھائی دے۔اسی لئے آپ نے دیکھا ہو گا کہ گھونگھریالے اور روکھے بالوں کو اسٹائل دینے کیلئے گلیسرین پر مشتمل فارمولے استعمال کئے جاتے ہیں تاکہ آپ کے بالوں کی نمی بحال کی جا سکے۔
چوٹی کی دشواری : اگر آپ دن کے وقت پکنک پر جا رہی ہیں تو چٹیا بھلی معلوم ہوتی ہے لیکن دفتر یا پھر کام کے دوران بعض لڑکیاں اور خواتین اسے پسند نہیں کرتیں۔بعض یہ شکایت بھی کرتی نظر آتی ہیں کہ سلکی بالوں کی چوٹی کَس کے باندھنی پڑتی ہے اور یوں سر کے بال کھنچتے ہیں اور انہیں بے سکونی محسوس ہوتی ہے۔ہمارے ہاں کی لڑکیاں آج کل بالوں کی تہہ دار کٹنگ کروا رہی ہیں۔ اس ہیئر اسٹائل میں بالوں کی لٹیں سر کے گرد دائرہ سا بنا دیتی ہیں آپ کا چہرہ اگر چوڑا ہے تو بالوں کی لٹوں سے کور ہو جاتا ہے۔تہہ در تہہ بالوں کی لٹیں آپ کے چہرے اور گردن پر رہتی ہیں۔
بھیگی لٹیں : کیا آپ جانتی ہیں کہ آپ کے بال اسفنج کی مانند ہوتے ہیں اور ایک مخصوص مقدار میں پانی کو جذب کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ تیراکی کا شوق پورا کرنے کیلئے پانی میں اترنے سے پہلے فلٹرڈ واٹر سے اپنے بالوں کو اچھی طرح سے بھگوئیں اور پھر اونچا کر کے جوڑا باندھ لیں۔اس طرح آپ اپنے بالوں کا رنگ تبدیل ہونے سے بچا سکیں گی۔
بالوں کو رگڑنا چھوڑئیے : گرم یا سرد دونوں میں بال کو رگڑ رگڑ کر ہر گز نہ سکھائیں۔اس جواز سے ہٹ کر کہ آپ کے بالوں کی قسم کیسی ہے؟ اگر آپ کے بال روکھے اور بے رونق ہیں تو زیادہ احتیاط لازم ہے۔
الجھے ہوئے گیلے بالوں کو بل دے کر نچوڑنا یا پھر انہیں تولیے میں لپیٹ کر اتنی زور سے کھینچنا کہ بالوں کی جڑیں اور سر کی جلد آپ سے پناہ مانگنے لگے، یہ رویہ بالوں کی صحت کیلئے بالکل ٹھیک نہیں۔اگر آپ سالہا سال سے ایسا کر رہی ہیں تو اپنے بالوں کا حشر دیکھ کر افسوس بھی نہ کیا کیجئے کیونکہ اس کی ذمے دار آپ خود ہیں۔
ریشم جیسے بال : اگر آپ اپنے بالوں کی صحت کو نرم، ملائم اور ریشم جیسا دیکھنا چاہتی ہیں تو آج ہی سے ان پر توجہ دینا شروع کر دیجئے۔٭ اپنے ہاتھوں کے پوروں میں تیل لگا کر بالوں کی جڑوں میں اچھی طرح سے لگائیے۔اب اپنی ہتھیلیوں کو چکنا کر کے لٹوں اور خاص کر نوکوں پر بھی لگا لیجئے۔اسی طرح سے اپنے سارے بالوں میں تیل لگائیے یہ سوچے بغیر کہ کسی نے آپ کے چپچپے بال دیکھ لئے تو کیا کہے گا۔سر میں تیل کا مساج کرنے کا جب بھی موقع ملے ضرور کیجئے۔کیونکہ ایسا کرنے سے سر کے حصے کا دوران خون تیز ہوتا ہے اور آپ کو ایک مخصوص قسم کا سکون آنے لگتا ہے سو بالوں میں تیل لگانے سے آپ کے بے رونق بالوں میں تو جان پڑتی ہی ہے، ساتھ ہی آپ کا ذہن بھی ہلکا پھلکا ہو جاتا ہے۔اس طرح پوری کی پوری طبیعت ہی تازہ دم ہو جاتی ہے۔