پولیس کے وسیع تر انتظامات ۔ کمشنر پولیس کا پرانے شہر کا دورہ ۔ علما و مشائخین کے ساتھ اجلاس
حیدرآباد۔/8اکٹوبر، ( سیاست نیوز) شہر میں جشن میلادالنبی ؐ کے موقع پر پولیس کی جانب سے خصوصی انتظامات کئے جارہے ہیں۔ جلوس اور ریالیوں کے پُرامن انعقاد اور حالات کے پیش نظر پولیس نے اہم مقامات پر سخت چوکسی اختیار کرلی ہے اور انتہائی حساس مقامات کا عملاً محاصرہ کرلیا ہے۔ جشن میلادالنبی ؐ کے پیش نظر شہر میں ٹریفک تحدیدات بھی عائد کی گئی ہیں اور جلوس کی گذرگاہوں پر سخت نظر رکھی جارہی ہے۔ اس سلسلہ میں آج کمشنر پولیس سی وی آنند نے پرانے شہر کا دورہ کیا اور ڈی سی پی آفس میں منعقدہ اجلاس میں شرکت کی۔ اس اجلاس میں علماء و مشائخین، مذہبی اداروں اور تنظیموں کے ذمہ دار شریک تھے۔ کمشنر پولیس نے علماء و مشائخین سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے علماء کے مشوروں کی سماعت کی اور علماء و مشائخین کو اطمینان دلایا کہ پولیس موثر انتظامات انجام دے گی۔ حیدرآباد سٹی پولیس کی جانب سے سوشیل میڈیا پر خصوصی نظر رکھی گئی ہے اور حالات کا سنجیدگی سے جائزہ لیا جارہا ہے۔ کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعات کو رونما ہونے سے روکنے جامع حکمت عملی تیار کرلی گئی۔ کمشنر پولیس نے جلوس میں شرکت کرنے والے نوجوانوں سے درخواست کی کہ وہ ادب کا خاص لحاظ رکھیں اور موٹر سیکل کرتب بازی اور راستہ میں رکاوٹ پیدا نہ کریں۔ ٹریفک قوانین اور نظم و ضبط میں پولیس کا بھرپور تعاون کریں۔ پولیس عوام کیلئے دستیاب ہے۔ انہوں نے شہریوں سے درخواست کی کہ وہ کسی بھی قسم کی افواہوں پر دھیان نہ دیں ۔ انہوں نے کہا کہ سوشیل میڈیا یا دیگر ذرائع سے اس میں خلل پیدا کرنے والی کسی بھی حرکت کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور سٹی پولیس سختی سے اقدامات کرے گی۔ شہر کے مختلف مقامات سے جلوس اور ریالیوں پر پولیس کی نظر رہے گی اور پولیس تمام ریالیوں اور جلوس کی نگرانی کرے گی اور شہر میں ٹریفک تحدیدات بھی عائد کی گئی ہیں۔ ریالیوں اور جلوس کے پُرامن انعقاد کیلئے سٹی پولیس کی جانب سے پرسکون ماحول فراہم کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر ڈی سی پی ساؤتھ زون سائی چیتنیہ نے بتایا کہ پرانے شہر میں انتظامات کیلئے ریاپڈ ایکشن فورس اور اسپیشل پولیس کو طلب کرلیا گیا ہے اور حساس مقامات پر تعیناتی عمل میں لائی گئی ہے۔پولیس آج رات ہی سے تعینات کردی جارہی ہے۔ اس اجلاس میں پرانے شہر کے علماء و مشائخین و دیگر موجود تھے۔ ع