آر ٹی سی ڈپو بودھن کی کرناٹک کے ڈیلرس سے ڈیزل کی خریداری

   


مقامی ڈیلر کی شکایت اور دستاویزات کی عدم پیشکشی پر ٹینکر ضبط

بودھن 2 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) آر ٹی سی بس ڈپو بودھن کی بسوں میں مقامی پٹرول پمپس سے ڈیزل کی اچانک خریداری بند کردینے کی وجہ سے فکرمند بودھن کے ڈیزل پمپ ڈیلرس تشویش کا اظہار کرتے ہوئے بودھن کی بسوں کو مبینہ طور پر ڈیزل سربراہ کرنے والے ڈیلر کو مقامی ڈیلرس نے آخرکار کھوج نکالا اور بودھن بس ڈپو میں داخل ہونے کی کوشش کرنے والے ڈیزل سے بھرے ٹینکر کو روک کر محکمہ سیول سپلائی کے ڈپٹی تحصیلدار نکہیل کو مطلع کیا۔ ڈپٹی تحصیلدار نے ٹینکر ڈرائیور سے ڈیزل سربراہی کے کاغذات طلب کئے۔ کاغذات کی عدم فراہمی پر ڈپٹی تحصیلدار نے ٹینکر کو ضبط کرلیا۔ ابتدائی تحقیقات کے بعد ڈپٹی تحصیلدار نے بتایا کہ ضلع میدک کے ایک ڈیلر پڑوسی ریاست کرناٹک سے 27 فیصد ویاٹ اور گیارہ روپئے فی لیٹر کم قیمت پر ڈیزل خرید کر آر ٹی سی بودھن ڈپو کو فی لیٹر دیڑھ روپئے کم قیمت پر ڈیزل سربراہ کررہے ہیں۔ ڈپٹی تحصیلدار نے کہاکہ مقامی ڈیزل ڈیلرس اسوسی ایشن کی تحریری شکایت پر ڈیزل کا غیر مجاز طریقہ پر خرید و فروخت کا اسکام منظر عام پر آیا۔ بودھن ڈپو منیجر نے کہاکہ مقامی قیمت سے فی لیٹر دیڑھ روپیہ کم قیمت پر ڈیزل حاصل کرکے وہ بودھن بس ڈپو کا فائدہ کررہے ہیں۔