آرام گھر تا شمس آباد ایر پورٹ سڑک کے توسیعی کاموں میں تیزی پیدا کرنے کی ہدایت

   

چیف سکریٹری کا اعلیٰ سطحی اجلاس، 10 کیلو میٹر کے کام پر 283 کروڑ کا خرچ
حیدرآباد۔/15 نومبر، ( سیاست نیوز) چیف سکریٹری سومیش کمار نے عہدیداروں کو ہدایت دی کہ آرام گھر چوراہا سے شمس آباد ایر پورٹ کے باب الداخلہ تک سڑکوں کی توسیع کے کاموں میں تیزی پیدا کریں۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی ہدایت پر چیف سکریٹری نے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا جس میں آر اینڈ بی، ٹرانسکو، ریوینیو، انڈومنٹ، اوقاف اور دیگر اداروں کے عہدیدار شریک تھے۔ 6 لائن پر مشتمل سڑک کے توسیعی کام کے علاوہ 2 سرویس روڈ کے کام پر 283 کروڑ خرچ کئے جائیں گے اور سڑک کی توسیع کا کام 10 کیلو میٹر پر محیط رہے گا۔ اگریکلچر یونیورسٹی سے سات امرائی تک انڈر پاس کی تعمیر کا فیصلہ کیا گیا۔ ایر پورٹ کے باب الداخلوں کے علاوہ گگن پہاڑ پر فلائی اوور کی تعمیر اور شمس آباد ٹاؤن میں ایلویٹیڈ کاریڈار کے تعمیری کام جاری ہیں۔ چیف سکریٹری نے عہدیداروں سے کہا کہ عوام کو کسی زحمت و دشواری کے بغیر سڑکوں کی توسیع کا کام انجام دیں اور تمام محکمہ جات بہتر تال میل کا مظاہرہ کریں۔ سومیش کمار نے عہدیداروں کو تجویز پیش کی کہ ٹریفک مینجمنٹ کیلئے محکمہ پولیس کا تعاون حاصل کریں۔ توسیعی کاموں کی تیزی کو برقرار رکھنے کیلئے عہدیداروں کو وقتاً فوقتاً اچانک معائنہ کرنے کی ہدایت دی۔ اجلاس میں سکریٹری آر اینڈ بی سرینواس راجو، سکریٹری انڈومنٹ انیل کمار، کلکٹر حیدرآباد و رنگاریڈی اموئے کمار، چیف ایگزیکیٹو آفیسر وقف بورڈ شاہنواز قاسم، ڈائرکٹر ٹرانسکو سرینواس راؤ، ڈائرکٹر ٹرانسکو جگت ریڈی، نیشنل ہائی وے کے ایگزیکیٹو انجینئر دھرما ریڈی، آر ڈی او راجندر نگر چندرا کلا، اے سی پی شمس آباد بھاسکر اور دیگر عہدیداروں نے شرکت کی۔ر