آرسنل کو بیٹ بوریسوو کے خلاف حیران کن شکست

   

اسٹاکہوم۔16 فروری (سیاست ڈاٹ کام )یورپیئن فٹبال ٹورنمنٹ یوروپا لیگ میں انگلش کلب آرسنل کو بیلاروس کے کلب بیٹ بوریسوونے اپ سٹ شکست سے دوچار کر دیا جبکہ چیلسی نے سویڈش کلب مالمو کو ہرا کر اپنے کوچ ماریزو ساری کو کسی حد تک اطمینان کا سانس لینے کا موقع دے دیا۔لیگ کے پہلے مرحلے کے پری کوارٹر فائنل میچ میں آرسنل کی ٹیم غیر متوقع طور پر بیٹ بوریسوو کے خلاف 0-1کی شکست سے دوچار ہو گئی۔ بیلاروس کا کلب اپنے ملک کا چمپیئن کلب ہے لیکن کسی کو توقع نہیں تھی کہ وہ آرسنل کو اس طرح ہرا دے گا۔ میچ کا واحد گول پہلے ہاف کے آخری منٹ میں اسٹینسلادراہن نے کیا جو میچ کیلئے بھی فیصلہ کن ثابت ہوا۔ آرسنل کی شکست کے ساتھ الیگزینڈر لاکازیتی کو خطرناک فاول کر نے پر ریڈ کارڈ بھی مل گیا ، دوسرے مرحلے کے میچ سے وہ بھی باہر ہوگئے۔اسی لیگ کے سویڈن میں کھیلے گئے ایک اور میچ میں انگلش کلب چیلسی نے مقامی کلب مالمو کو1-2 سے شکست دی۔ اس کامیابی نے چیلسی کی پریمیئر لیگ میں مسلسل ناکامیوں سے دباو کا شکار کوچ ساری کو کچھ سکون فراہم کیا جبکہ کلب کیلئے کوارٹر فائنل تک رسائی کی امید بھی بڑھ گئی۔ روس بارکلے نے چیلسی کو برتری دلائی جسے دوسرے ہاف میں اولیور جیراڈ نے دگنا کیا۔میچ کے آخری منٹوں میں میزبان کلب کے آندرس کرسٹیان نے گول کرکے خسارہ کم کیا تاہم چیلسی میچ اپنے نام کرنے میں کامیاب رہی۔ ہوم گراونڈ پر ہوئے دوسرے میچ میں وہ اس برتری کو اگلے مرحلے تک پہنچنے کیلئے استعمال کر سکتی ہے۔