ممبئی : دی نارکوٹکس کنٹرول بیوریو ( این سی بی ) نے سوپر اسٹار شاہ رخ خان کے بیٹے آرین خان کو منشیات معاملہ میں کلین چٹ دے دی ہے جن پر گذشتہ سال یہ الزام عائد کیا گیا تھا کہ وہ منشیات کا غیر قانونی استعمال کرتے ہیں اور 3 اکٹوبر 2021 کو انہیں گرفتار بھی کیا گیا تھا ۔ بعد ازاں عدالت نے ان کی ضمانت کی پہلی درخواست مسترد کردی تھی ۔ اس کے بعد بامبے ہائی کورٹ سے رجوع ہونے کے بعد انہیں 28 اکٹوبر کو ضمانت پر رہائی کا حکم دیا گیا تھا وار بالآخر 30اکٹوبر کو بہ جیل سے باہر آگئے تھے ۔ یاد رہے کہ گذشتہ سال 2 اور 3 اکٹوبر کی درمیانی شب کو کارڈیلیا کروز نامی بحری جہاز پر ایک پاٹی چل رہی تھی جس پر ممبئی زون کے این سی بی سربراہ سمیر وانکھیڈے کی قیادت میں دھاوا کیا گیا تھا ۔