آسام اور مغربی بنگال میں آج دوسرے مرحلہ کی رائے دہی

   

نئی دہلی : آسام اور مغربی بنگال میں کل یکم ؍ اپریل کو دوسرے مرحلہ کی رائے دہی ہوگی۔ الیکشن کمیشن نے پرامن انتخابات کیلئے تمام انتظامات کرلئے ہیں۔ مغربی بنگال میں 30 حلقوں اور آسام میں 39 حلقوں پر رائے دہی ہوگی۔ بی جے پی حکمرانی والی ریاست آسام میں 26 خواتین کے بشمول 345 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ ہوگا۔ منگل کے دن یہاں پر ایک ماہ طویل انتخابی مہم ختم ہوئی تھی۔ یہ حلقے زیادہ تر وسط آسام اور جنوبی آسام میں واقع ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر آسام نتن کھرے نے کہا کہ جمعرات کو ہونے والی رائے دہی کیلئے تمام انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ مغربی بنگال میں تین ماہ تک ترنمول کانگریس صدر ممتابنرجی اور بھارتیہ جنتا پارٹی کے امیدوار سویندو ادھیکاری کے درمیان سخت سوال جواب کے بعد کل نندی گرام میں ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ ممتابنرجی نے نندی گرام سے مقابلہ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اسے جدوجہد قرار دیا۔ اس مرحلہ میں سب سے اہم حلقوں میں رائے دہی ہونے والی ہے۔ الیکشن کمیشن آف انڈیا کے ساتھ ساتھ مقامی حکام نے سنٹرل فورس کی 22 کمپنیاں تعینات کی ہیں۔ آسام کے دوسرے مرحلہ کے انتخابات میں 5 وزراء اور ایک ڈپٹی اسپیکر کی قسمت کا بھی فیصلہ ہوگا۔ بی جے پی اوراے جی پی کے درمیان بعض حلقوں میں دوستانہ مقابلہ ہورہا ہے۔ مغربی بنگال میں 75 لاکھ سے زائد ووٹرس 191 امیدواروں کی قسمت کا فیصلہ کریں گے۔