نئی دہلی : وزیراعظم نریندر مودی نے آج آسام کے اسمبلی انتخابات کیلئے مہم چلاتے ہوئے کہا کہ ریاست میں بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت برقرار رہے گی ۔ آسام کے بوکھا کھت میں انتخابی ریالی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اب فیصلہ کیا گیا ہے کہ آسام کو دوسری بار بھی بی جے پی کی سرکار ملے گی ۔ یہاں دوسری بار بھی این ڈی اے کی سرکار ہوگی ۔ ڈبل انجن کی سرکار ہوگی ۔ انہوں نے آسام میں ان کی ریاستی حکومت کی جانب سے انجام دیئے گئے کاموں کی طویل فہرست پیش کی اور کہا کہ ماحولیات کو بچانے کیلئے بی جے پی حکومت نے کئی اقدامات کئے ہیں ۔ این ڈی اے حکومت نے جنگلات کا تحفظ کرتے ہوئے جانوروں کا شکار کرنے والوں کو جیل میں ڈال دیا ہے ۔ ہم جانوروں کی حفاظت کے ساتھ ساتھ آسام کے عوام کیلئے بھی کئی ایک کام انجام دیئے ہیں ۔ انہوں نے مزید کہاکہ گذشتہ پانچ سال کے دوران آسام میں ہمہ جہتی ترقی ہوئی ہے ، جنگلات کے تحفظ کے ذریعہ پیداوار کو بڑھایا ہے ۔ یہاں پر سیاحت اور معاشی سرگرمیوں کیلئے مواقع پیدا کئے گئے ہیں ۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہندوستان کو قدرتی ، روحانی ، ثقاتی اور ہیریٹیج سیاحتوں میں تمام اقوام کی قیادت کرنے والے ملکوں میں سرفہرست ملک بنائیں ۔ آسام بھی اسی فہرست کا حصہ ہے ۔ وزیراعظم نے کہاکہ این ڈی اے کے تحت آسام نئی بلندیوں کو چھو رہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ جب آسام اور مرکز میں کانگریس کی حکومت تھی اس وقت آسام کو بری طرح نظرانداز کردیا گیا اور بدعنوانیاں دگنی اور سہ گنا تک پہنچ گئی تھی ۔انہوں نے عوام سے کہاکہ آپ کو یہ یاد رکھنا ہوگا کہ کانگریس کا مطلب عدم استحکام اور رشوت ستانی ہوتا ہے ۔ وہ اچھے کام کرنے کا کوئی ارادہ نہیں رکھتی اور نہ ہی اس کے پاس کوئی ویژن ہے ۔ وزیراعظم مودی نے مزید کہاکہ کانگریس کے دور میں تباہی مچائی گئی تھی، اب اصل سوال یہ ہے کہ آسام کے عوام کو کانگریس سے بچانے کیلئے اقدامات کئے جائیں ۔ وزیراعظم نریندر مودی کہا کہ کانگریس آسام کی تہذیب و ثقافت کو بھول چکی ہے ۔ کانگریس آسام کا مذاق اڑاتی ہے اور ٹول کٹ میں اسمیا چائے اور یوگا کو بدنام کرنے کی کوشش کی گئی ۔ آسام کے عوام نے این ڈی اے کے تئیں اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے کیونکہ یہاں پر ڈبل انجن کی حکومت بنے گی ۔