پرانے شہر کے ای سیوا اور می سیوا مراکز خالی پڑے ہیں۔ مسلمانوں کی رہنمائی ضروری
حیدرآباد۔/19 اگسٹ، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں 57 سال مکمل کرنے والے غریب عوام کو آسرا پنشن حاصل کرنے کے حقدار ہیں اور اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے 31 اگسٹ تک می سیوا اور ای سیوا مراکز پر درخواستیں داخل کی جاسکتی ہیں۔ اس اسکیم کے بارے میں مسلمانوں میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے۔ تمام سیاسی جماعتیں سیاست سے بالاتر ہوکر آسرا پنشن اسکیم سے استفادہ کرنے میں عوام کی مدد کریں۔ سماجی اور فلاحی تنظیموں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ بھی اس معاملہ میں اپنا بھرپور تعاون پیش کریں۔ پرانے شہر کے مختلف مقامات پر می سیوا اور ای سیوا کے مراکز خالی پڑے ہیں جبکہ اس اسکیم سے استفادہ کیلئے صرف 10 دن باقی رہ گئے ہیں ۔ 57 سال مکمل کرنے والے مستحق افراد کو ماہانہ آسرا پنشن فراہم کی جائے گی۔ اس اسکیم سے فائدہ اٹھانے کیلئے دسویں جماعت کے میمو میں درج عمر یا ووٹر کارڈ میں درج کی گئی عمر کو اہمیت دی جائے گی۔ سفید راشن کارڈ رکھنے والے اسکیم سے استفادہ کیلئے اہل رہیں گے۔ دیہی علاقوں میں سالانہ آمدنی دیڑھ لاکھ اور شہری علاقوں میں 2 لاکھ روپئے سے کم ہونی چاہیئے۔ ریاست میں مسلمانوں کی اکثریت معاشی اعتبار سے کافی پسماندہ ہے مگر ان میں شعور بیدار نہ ہونے یا ان کی موثر انداز میں رہنمائی نہ ہونے کی وجہ سے سرکاری اسکیمات سے استفادہ کرنے کے معاملہ میں کافی پیچھے ہیں۔ آخری موقع پر مسلمان ردعمل کا اظہار کرنے کی عام شکایت ہے۔ لہذا آسرا پنشن سے استفادہ کیلئے مزید 10 دن باقی ہے۔ فوری ردعمل کا اظہار کرنا وقت کا اہم تقاضہ ہے۔N
