آسٹریلیا میں 500 سے زائد افراد کے اجتماع پر امتناع، بیرون ملک سفر نہ کرنے کی اپیل

   

ملبورن ۔ 13 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے وزیراعظم اسکاٹ موریسن نے جمعہ کے روز ایک اہم اعلان کرتے ہوئے کہا کہ کسی بھی نوعیت کے غیرضروری اجتماع پر جس میں 500 سے زائد افراد ہوں، پابندی عائد کردی گئی ہے اور آسٹریلیا کی شہریوں سے بھی اپیل کی ہیکہ اگر وہ کوروناوائرس کے تیزی سے پھیلاؤ کو روکنا چاہتے ہیں تو بیرون ملک سفر سے گریز کریں جس نے اب تک 500 افراد کو لقمۂ اجل بنادیا ہے۔ البتہ انہوں نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ اس امتناع کا اسکولس، یونیورسٹیز، پبلک ٹرانسپورٹس اور ایرپورٹس پر اطلاق نہیں ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہم سب کو اپنی صحت سے متعلق احتیاط برتنی چاہئے تاکہ مہلک کوروناوائرس سے منفی اثرات کو کم سے کم کیا جاسکے۔ علاوہ ازیں عوام کیلئے بہترین طبی سہولتوں تک رسائی کو بھی یقینی بنایا گیا ہے۔ انہوں نے ایک بار پھر اپنی بات دہراتے ہوئے شہریوں سے غیرضروری طور پر بیرون ملک سفر نہ کرنے کی اپیل کی۔

افغانستان میں تین طالبانی جنگجو ہلاک
تعلقان ،13مارچ (سیاست ڈاٹ کام) افغانستان کے شمالی صوبے تاخر کے خواجہ گھار ضلع میں جمعہ کو کئے گئے ایک حملے میں تین جنگجوؤں کے ہلاک ہونے کی تصدیق ہوئی ہے ۔مقامی پولیس افسروں نے یہ اطلاع دی ہے ۔سرکاری ذرائع نے بتایا کہ آج صبح خواجہ گھارضلع میں طالبان کے سڑک کے کنارے واقع ایک ٹھکانے پر پولیس نے حملہ کیا۔اس حملے میں تین جنگجو مارے گئے اور کئی دیگر فرارہوگئے ۔ذرائع نے بتایا کہ 30منٹ تک چلی فائرنگ میں دو اور جنگجو زخمی ہوئے ہیں۔طالبانی جنگجوؤں نے اس پر ابھی تک کوئی تبصرہ نہیں کیاہے ۔