نیویارک: اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی کمیٹی نے کہا ہے کہ آسٹریلیا نے نارو کے جزیرے پر حراست میں رکھ کر پناہ کے متلاشی افراد کے حقوق کی خلاف ورزی کی ہے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق عالمی ادارے کی انسانی حقوق کمیٹی کے فیصلے نے ایسے دیگر ملکوں کو بھی خبردار کیا ہے جو پناہ کی تلاش میں آںے والوں کو کسی تیسرے ملک یا جزیرے پر رکھنے کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔کمیٹی نے یہ فیصلہ اْن 25 پناہ گزینوں اور سیاسی پناہ کے متلاشی افراد کے دو الگ مقدمات میں دیا ہے جن کو آسٹریلوی حکام نے برسوں تک نارو جزیرے پر رکھا۔اقوام متحدہ کی اس کمیٹی میں 18 غیرجانبدار ماہرین شامل تھے جنہوں نے کہا ہے کہ ان افراد کو ناکافی صحت کی سہولیات اور پانی دیا گیا جو حقوق کی خلاف ورزی ہے۔
ایلون مسک کی جرمن رہنما کو حمایت
نیویارک: دنیا کے امیر ترین شخص ایلون مسک نے جرمنی کی انتہائی دائیں بازو کی جماعت الٹرنیٹیو فار جرمنی (اے ایف ڈی) کے لیے اپنی مکمل حمایت کا اعلان کیا ہے۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک مرتبہ پھر یورپی سیاست میں مداخلت کرتے ہوئے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر لائیو اسٹریم کے دوران ایلون مسک نے اے ایف ڈی کی رہنما ایلیسا وائڈل کی کھل کر حمایت کی۔ٹیسلا اور اسپیس ایکس کے سربراہ اور نومنتخب امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے اتحادی نے ایلیسا وائڈل کے ساتھ بحث کے دوران کہا کہ صرف اے ایف ڈی جرمنی کو بچا سکتی ہے، کہانی ختم۔