نئی دہلی ۔ 14 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) آسٹریلیا کے خلاف پانچ ونڈے اور دو ٹوئنٹی 20 مقابلوں کی سیریز کیلئے ہندوستانی ٹیم کا کل انتخاب عمل میں آئے گا اور میزبان ٹیم کیلئے ورلڈ کپ 2019ء جوکہ ماہ مئی میں منعقد ہورہا ہے اس سے قبل یہ آسٹریلیا کے خلاف ہونے والی سیریز آخری موقع ہوگی۔ آسٹریلیا کے خلاف گھریلو سیریز قومی سلیکٹروں کیلئے یہ موقع فراہم کرے گی کہ وہ شکھردھون اور روہت شرما کی اوپننگ جوڑی کے ساتھ ایک اور محفوظ اوپنر کو آزمائے جوکہ کے ایل راہول ہوسکتے ہیں۔ اس کے علاوہ فاسٹ بولر اومیش یادو اور جئے دیو اونڈکڈ جنہوں نے رانجی ٹرافی کے ناک آؤٹ مقابلوں میں کافی متاثرکن مظاہرہ کیا ہے۔ وہ بھی آسٹریلیا کے خلاف ٹیم میں شمولیت کی دعویداری پیش کررہے ہیں۔ فاسٹ بولر خلیل احمد اور محمد سراج کو مواقع دیئے گئے لیکن دونوں میں کوئی بھی بولر ٹیم میں اپنے مقام کو مستحکم نہیں کر پایا ہے۔ علاوہ ازیں ان دونوں بولروں کی ورلڈ کپ ٹیم میں بھی شمولیت پر سوالیہ نشان گہرا ہوچکا ہے۔ میزبان ٹیم کے مستقل کپتان ویراٹ کوہلی اور نمبر ایک بولر جسپریت بمرا کی واپسی متوقع ہے۔ ہندوستانی سلیکٹروں نے حالیہ چند سیریز کے دوران کھلاڑیوں کو آرام دینے کی جو پالیسی اختیار کی ہے اس کے تحت آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دورہ کے بعد کوہلی اور بمرا کو آرام دیا گیا تھا۔ اب امید ہیکہ کوہلی کی واپسی کے بعد روہت شرما کو ٹوئنٹی 20 سیریز کیلئے آرام دیا جائے گا۔ بی سی سی آئی کی ایک سینئر عہدیدار نے کہا ہیکہ روہت شرما کے ساتھی اوپنر شکھردھون کو بھی ونڈے سیریز کے آخری مقابلوں میں آرام دیتے ہوئے راہول کو ٹاپ آرڈر میں موقع دیا جاسکتا ہے۔ کرناٹک کے اوپنر راہول پر کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرس کی جانب سے گذشتہ ماہ ٹی وی شو ’’کافی وتھ کرن‘‘ میں نازیبا بیانات کی پاداش میں پانچ مقابلوں کی پابندی عائد کی گئی تھی لیکن انہوں نے اس پابندی کے بعد انگلینڈ لائنس کے خلاف چار روزہ مقابلہ میں 89 اور 81 رنز کی اننگز کھیلی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف کھیلی جانے والی گھریلو سیریز رشپھ پنت اور دنیش کارتک کیلئے کافی اہمیت کی حامل ہے کیونکہ یہ دو بیٹسمین بھی راہول کے ساتھ اسی مقام کی دوڑ میں شامل ہیں۔ دہلی سے تعلق رکھنے والے وکٹ کیپر بیٹسمین پنت نے گذشتہ دو ٹوئنٹی 20 مقابلوں میں 40 اور 28 رنز کی متاثر کن اننگ کھیلی ہے۔ خلیل کے مقام پر اونڈکڈ کو آزمایا جاسکتا ہے کیونکہ سوراشٹرا کے اس کپتان نے رانجی ٹرافی کے 8 مقابلوں میں 39 وکٹیں حاصل کئے ہیں اور امید ہیکہ سلیکٹر رانجی ٹرافی کے شاندار مظاہروں کی بدولت انہیں ہندوستانی ٹیم میں جگہ فراہم کریں گے۔ فاسٹ بولر اومیش یادو نے بھی 21 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے اپنی دعویداری پیش کی ہے۔