آسٹریلیا کے کامیاب دورہ کے بعد مودی نیوزی لینڈ روانہ

   

نئی دہلی، 10 جولائی (یو این آئی) وزیر اعظم نریندر مودی آسٹریلیا کے کامیاب دورے کے بعد تین ممالک کے اپنے سفر کے آخری مرحلہ میں جمعہ کو نیوزی لینڈ روانہ ہو گئے ۔ مودی چہارشنبہ کو آسٹریلیا کے میلبورن پہنچے تھے ، جہاں انہوں نے وزیر اعظم انتھونی البنیز کے ساتھ ہندستان-آسٹریلیا سربراہ اجلاس میں حصہ لینے کے علاوہ کئی پروگراموں میں شرکت کی تھی۔ نیوزی لینڈ روانہ ہونے سے پہلے وزیر اعظم نے سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ اس دورے نے ہندستان اور آسٹریلیا کی شراکت داری کو مزید بااختیار اور مضبوط بنایا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آسٹریلیا کے اپنے دورے کے اختتام پر، میں آسٹریلیا کی حکومت، وہاں کے لوگوں اور وزیر اعظم انتھونی البنیز کا ان کی محبت، اپنائیت اور پرجوش مہمان نوازی کے لیے تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔ اس دورے کے نتائج نے ہماری شراکت داری کو مزید مضبوط کیا ہے اور مختلف شعبوں میں تعاون کے نئے دروازے کھولے ہیں۔ مجھے یقین ہے کہ اس دورے سے حاصل ہونے والی رفتار آنے والے وقت میں ہمارے دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ پوری انسانیت کے لیے بھی فائدہ مند ثابت ہوگی۔ وزارت خارجہ نے بھی سوشل میڈیا پر کہا کہ وزیر اعظم کے کامیاب دورے نے ہندستان-آسٹریلیا جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مستحکم کیا۔
ہوائی اڈے پر وزیر خارجہ پینی وونگ نے وزیر اعظم کو الوداع کہا۔ وزارت نے کہا کہ اسٹریٹجک دفاعی تعاون اور اقتصادی شمولیت سے لے کر تعلیم، کھیل اور مضبوط کمیونٹی تعلقات تک، اس دورے نے تعاون کے نئے راستے کھولے اور ہندستان اور آسٹریلیا کے لوگوں کے درمیان گہرے روابط کو مزید مضبوط کیا۔
قابل ذکر ہے کہ وزیر اعظم مودی انڈونیشیا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے چھ روزہ دورے پر پیر کو روانہ ہوئے تھے ۔