حیدرآباد۔/21مارچ، ( سیاست نیوز) تلنگانہ کے آصف آباد ضلع کے کچھ حصوں میں آج زلزلہ کے معمولی جھٹکے محسوس کئے گئے۔ آصف آباد کے کوتالہ، بیجوراور چنتلہ مانی پلی میں چند سیکنڈس تک آج زلزلہ کے جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے نتیجہ میں مقامی عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ تینوں منڈلوں سے تعلق رکھنے والے عوام کا کہنا ہے کہ کچھ لمحوں کیلئے زمین میں جھٹکے محسوس ہوئے اور وہ خوف کے عالم میں گھروں سے باہر نکل گئے۔ یہ تینوں منڈل گوداوری کی معاون ندی پرانیتا کے کنارے پر واقع ہیںاور یہ علاقہ مہاراشٹرا کی سرحد سے متصل ہے۔ مہاراشٹرا کے گڈچرولی ضلع کے بعض علاقوں میں بھی زلزلہ کے جھٹکے چند لمحوں کیلئے محسوس کئے گئے ہیں۔ مقامی حکام نے چوکسی اختیار کرلی ہے۔دونوں ریاستوں تلنگانہ اور مہاراشٹرا کے سرحدی علاقوں میں زلزلہ کے معمولی جھٹکوں کے باوجود عوام میں خوف کا ماحول دیکھا گیا ۔ر