آصف آباد کی دو یتیم و یسیر لڑکیوں کو فوری اندرماں مکان الاٹ کیا جائے

   

ضلع کلکٹر کو ریاستی وزیر سیتا اکا کی ہدایت۔ سابق ایم ایل سی جناب فاروق حسین کی کامیاب نمائندگی

حیدرآباد۔ 26۔مئی ۔(سیاست نیوز ) ریاستی وزیر محترمہ انوسویا سیتا اکانے سرپور منڈل آصف آباد ضلع کی دو یتیم و یسیر لڑکیوں کو فوری ’اندراماں امکنہ ‘ اسکیم میں مکان الاٹ کرنے کی ضلع کلکٹر کو ہدایت دی۔ جناب فاروق حسین سابق رکن قانون ساز کونسل نے ریاستی وزیر سے ملاقات کرکے اس سلسلہ میں نمائندگی کی اور بتایاکہ روزنامہ سیاست کی 5مئی کی اشاعت میں مذکورہ بہنوں اور ایک بھائی کو سر چھپانے کیلئے گھر نہ ہونے اور آمدنی کا ذریعہ نہ ہونے کی خبر شائع ہوئی تھی ۔ انہوں نے ریاستی وزیر سے ملاقات کرکے ان بہنوں کیلئے ’اندراماں ہاؤزنگ اسکیم‘ میں مکان الاٹ کرنے کی خواہش کی جس پر محترمہ سیتا اکا نے فوری طور پر ضلع کلکٹر آصف آباد سے رابطہ قائم کیا اور انہیں ہدایت دی کہ وہ مس مہین نداء اور نوری صباء کیلئے فوری مکان الاٹ کرنے احکامات جاری کریں اور انہیں الاٹ کردہ مکان میں منتقل کرنے کے اقدامات کئے جائیں۔ جناب محمد فاروق حسین نے ریاستی وزیر کی جانب سے فوری طور پر احکامات کی اجرائی پر اظہار تشکر کرتے ہوئے کہا کہ ’روزنامہ سیاست‘ میں خبر کی اشاعت کے بعد سے ہی وہ متعلقہ وزیر سے ملاقات کرتے ہوئے ان یتیم و یسیر لڑکیوں اور ان کے بھائی کی مدد کیلئے کوشاں تھے ۔ انہو ںنے بتایا کہ ریاستی وزیر کو مکتوب کی حوالگی کے ساتھ ہی محترمہ انوسویا سیتا اکا نے انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کرکے متعلقہ کلکٹر سے فون پر رابطہ کیا اور اس بات کی ہدایت دی۔ جناب محمد فاروق حسین نے بتایاکہ ’روزنامہ سیاست ‘ میں خبر کی اشاعت کے بعد انہو ںنے دونوں لڑکیوں کی تمام تفصیلات جمع کرکے ان کی جانب سے داخل کی گئی ’اندراماں ہاؤزنگ اسکیم‘ کی درخواست اور اس کے استرداد کی تمام تفصیلات حاصل کرکے حکومت کو پیش کرنے کا فیصلہ کیا تھا ۔وزیر پنچایت راج و دیہی ترقیات ‘ بہبود خواتین و اطفال نے جس انسانی ہمدردی کا مظاہرہ کیا اس کی انہو ںنے ستائش کی ۔ واضح رہے کہ سلویٰ فاطمہ کو پائلٹ بنانے میں ادارۂ سیاست کی کوششوں اور جناب زاہد علی خان ایڈیٹر سیاست کی شخصی دلچسپی کو دیکھتے ہوئے جناب فاروق حسین نے پیشرو حکومت میں بھی چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ سے ملاقات کرکے سلویٰ فاطمہ کو کمرشیل پائلٹ بنانے میں کلیدی کردار ادا کیا تھا اور اس وقت حکومت کی جانب سے سلویٰ فاطمہ کو 38 لاکھ روپئے منظور کرواکے سلویٰ کے خواب کو پورا کیا تھا۔ جناب فاروق حسین نے یادداشت کے ساتھ سیاست میں شائع خبر کا تراشہ منسلک کرکے ریاستی وزیر کو توجہ دہانی کروائی ۔3
تلنگانہ رن ، اسپیکرنے ٹی شرٹ و پورٹل جاری کیا
حیدرآباد26مئی(یواین آئی) تلنگانہ رنرس سوسائٹی کے زیر اہتمام 8 جون کو دوڑ کیلئے ماڈل ٹی شرٹ کی رسم اجرا اسپیکر اسمبلی جی پرساد کمار نے انجام دی۔ انہوں نے تلنگانہ رنپورٹل کا بھی افتتاح کیا، یہ پروگرام تلنگانہ رنرس سوسائٹی اور تلنگانہ حکومت کے اشتراک سے ہو رہا ہے ۔تلنگانہ رن کے ڈائرکٹر جگن موہن ریڈی نے بتایا کہ یہ دوڑ نیکلس روڈ پرہوگی، جس میں تقریباً 1500 افراد حصہ لیں گے ۔ اسپیکر پرساد کمار نے کہا کہ حکومت تلنگانہ رنرس سوسائٹی کو تعاون فراہم کریگی۔