آن لائن تعلیم کا آغاز اردو میڈیم طلبہ کیلئے مایوس کن

   

ڈیجیٹل کلاسیس میں اردو داں طبقہ کیلئے کوئی مضمون یا مواد نہیں – سوائے تلگو کے دیگر زبانیں نظرانداز

حیدرآباد۔یکم۔ ستمبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں یکم ستمبر سے نئے تعلیمی سال 2020-21 کا مایوس کن آغاز ہوا ہے اور آن لائن کلاسس میں شرکت کرنے والے اردو داں طلبہ کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ ریاستی حکومت کی جانب سے ڈیجیٹل کلاسس کا آغاز شعبہ تعلیم میں نئی پیشرفت تصور کی جا رہی تھی لیکن آج جب مختلف ذرائع سے آن لائن کلاسس نشر کی گئی تو اردو میڈیم سرکاری اسکولوں کے طلبہ کے علاوہ اردو داں طلبہ کو یہ دیکھ کر حیرت ہوئی کہ اردو جاننے والوں کیلئے کوئی مواد نشر نہیں کیا گیا اور نہ ہی کسی مضمون کا اردو میں احاطہ کیا گیا ہے۔ تلنگانہ میں ریاستی حکومت نے اردو کو دوسری سرکاری زبان بنانے کے احکام جاری کئے ہیں اور شہر حیدرآباد کے علاوہ ریاست کے کئی اضلاع میںریاستی حکومت کی جانب سے اردو میڈیم اسکولوں کے علاوہ انگریزی میڈیم اسکول بھی چلائے جاتے ہیں لیکن آج جب کہ تعلیمی سال کا آغاز کیا گیا تو ایسا محسوس ہوا کہ ریاستی حکومت کے محکمہ تعلیم کی جانب سے تلگو میڈیم میں تعلیم حاصل کرنے والے طلبہ کا تعلیمی سال شروع کیا گیا ہے اور مابقی زبانوں میں تعلیم حاصل کرنے والوں کے تعلیمی سال کا آغاز نہیں کیا گیا ۔ ریاستی حکومت کی جانب سے اسکولوں کو بند رکھتے ہوئے ڈیجیٹل ذریعہ سے تعلیم کی فراہمی کے سلسلہ میں تیار کئے گئے منصوبہ کے تحت آج ریاست کے تمام سرکاری اسکولوں میں آن لائن تعلیم کا سلسلہ شروع کردیا گیا لیکن کسی بھی اسکول میں اردو میڈیم تعلیم کا نظم نہیں دیکھا گیا ۔ ریاست میں موجود اردو میڈیم اسکولوں کے طلبہ آج ہونے والی آن لائن نشریات کے علاوہ ٹیلی ویژن کے ذریعہ تعلیم سے مایوسی ہوئی ہے کیونکہ ان طلبہ کیلئے تلگو زبان میں تعلیم حاصل کرنا ممکن نہیں ہے اور اسی لئے وہ اپنی مادری زبان میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔اردو میڈیم اسکولوں کے ذمہ داروں نے بتایا کہ ریاستی حکومت اور محکمہ تعلیم کے احکامات کے مطابق آج ہوئی آن لائن کلاسس کے سلسلہ میں طلبہ ‘ اولیائے طلبہ اور سرپرستوں سے رائے حاصل کرنے پر ان لوگوں نے صرف تلگو مواد نشر کئے جانے پر اعتراض کیا ہے۔ اساتذہ نے بتایا کہ اگر آن لائن تعلیم کے دوران یہی سلسلہ رہا تو اس کا راست نقصان اردو میڈیم طلبہ کو ہوگاکیونکہ جب انہیں سمجھ میں نہیں آئے گا تو وہ آگے کس طرح سے پڑھیں گے۔ ریاست تلنگانہ میں آن لائن تعلیم کے آغاز کے ساتھ آج سوشل اور سائنس کے مضامین کا درس دیا گیا جو کہ مکمل تلگو زبان میں ہونے کے سبب انگریزی اور اردو سے تعلق رکھنے والے طلبہ کو سمجھ نہیں آیا ۔ اولیائے طلبہ اور سرپرستوں کے علاوہ اساتذہ و طلبہ نے بھی حکومت سے اپیل کی کہ وہ فوری اردو نشریات کا آغاز کریں اور اردو میڈیم طلبہ کی سہولت کے لئے اقدامات کو یقینی بنائیں۔