آنجہانی اندرا گاندھی کی جینتی کے موقع پر کانگریس پارٹی کا خراج

   

نیکلس روڈ اور گاندھی بھون میں مختلف تقاریب
حیدرآباد۔/19 نومبر، ( سیاست نیوز) سابق وزیر اعظم آنجہانی اندرا گاندھی کی 107 ویں جینتی کے موقع پر کانگریس پارٹی کی جانب سے زبردست خراج پیش کیا گیا۔ گاندھی بھون اور نیکلس روڈ پر علحدہ تقاریب منعقد کی گئیں اور اندرا گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے گئے۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے اپنی قیامگاہ پر آنجہانی قائد کی تصویر پر پھول نچھاور کئے اور ملک کیلئے اندرا گاندھی کی خدمات کو یاد کیا۔ ڈپٹی چیف منسٹر بھٹی وکرامارکا ، صدر پردیش کانگریس مہیش کمار گوڑ، رکن اسمبلی ڈی ناگیندر، سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی اور دیگر قائدین نے نیکلس روڈ پر واقع اندرا گاندھی کے مجسمہ پر گلہائے عقیدت پیش کئے۔ اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مہیش کمار گوڑ نے کہا کہ ملک کے اتحاد اور سالمیت کیلئے اندرا گاندھی نے اپنی جان نچھاور کردی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کی ترقی میں وزیر اعظم کی حیثیت سے اندرا گاندھی کی غیرمعمولی خدمات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک کو اندرا گاندھی کی تعلیمات پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت ہے جنہوں نے قومی اور بین الاقوامی سطح پر ہندوستان کو ایک مضبوط ملک کے طور پر روشناس کرایا تھا۔ سابق وزیر ڈاکٹر جے گیتا ریڈی نے کہا کہ اندرا گاندھی نے اپنے والد پنڈت جواہر لال نہرو کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے تمام طبقات کی ترقی کو یقینی بنایا تھا۔ انہوں نے کہا کہ قانون ساز اور پنچایت راج اداروں میں خواتین کی نمائندگی میں اضافہ اور غربت کے خاتمہ کیلئے اندرا گاندھی نے کئی اقدامات کئے۔1