آنجہانی راج شیکھر ریڈی کا نظام آباد سے گہرا تعلق تھا

   

سابق چیف منسٹر کی یوم پیدائش تقریب سے طاہر بن حمدان صدر ریاستی اُردو اکیڈیمی کا خطاب
نظام آباد۔ 8 جولائی(سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)آنجہانی سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر وائی ایس راج شیکھر ریڈی کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی اُردو اکیڈمی صدر طاہر بن حمدان نے کیا۔وہ آج راج شیکھر ریڈی کی یوم پیدائش کے موقع پر ضلع کانگریس بھون میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔اس موقع پر ریاستی اُردو اکیڈمی کے صدر طاہر بن حمدان، نُوڈا چیئرمین کیشو وینو، پی سی سی جنرل سکریٹری رام بھوپال نے بھی خراج پیش کیا ۔اس موقع پراپنے خطاب میں طاہر بن حمدان نے کہا کہ ڈاکٹروائی ایس راج شیکھر ریڈی کا ضلع نظام آباد سے گہرا تعلق رہا ہے۔ انہوں نے ایک مرتبہ اپنا یومِ پیدائش نظام ساگر میں منایا تھا اور گتپا علی ساگر لفٹ ایریگیشن اسکیم کے ذریعہ لاکھوں ایکڑ زمین کو سیراب کرنے کا کارنامہ انجام دیا۔ طاہر بن حمدان نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی کے دور میں این ایس یو آئی ضلع صدر کی حیثیت سے خدمات انجام دینے والے مہیش کمار گوڑ کو وہی ریاستی قائد کے طور پر تیار کیا اور آج وہی اُن کے شاگرد کے طور پر ریاستی این ایس یو آئی صدر کی ذمہ داری سنبھال رہے ہیں۔ نوڈا چیئرمین کیشو وینو نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی ایک عظیم لیڈر تھے جنہوں نے ریاست کے عوام کی فلاح و بہبود کے لیے متعدد فلاحی اسکیمات نافذ کیں۔ پی سی سی جنرل سکریٹری رام بھوپال نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی نے ضلع کو لفٹ ایریگیشن اسکیمات سے سیراب کیا اور عوام کو پینے کا پانی فراہم کیا۔ ریاست کی ہمہ جہتی ترقی کے لیے جن اسکیمات کی بنیاد انہوں نے رکھی، انہی خطوط پر آج وزیر اعلیٰ ریونت ریڈی ریاست کی ترقی کی راہ پر گامزن کر رہے ہیں۔اس موقع پر ریاستی اُردو اکیڈمی صدر طاہر بن حمدان، نُوڈا چیئرمین کیشو وینو کے علاوہ، پی سی سی جنرل سکریٹری رام بھوپال، ریاستی این ایس یو آئی جنرل سکریٹری وینو راج، ضلع ایس ٹی سیل صدر یادگیری، سیوادل صدر سنتوش، فشرمن چیئرمین سرینواس، شہر ایس سی سیل صدر وِنئے، ڈی سی سی ڈیلیگیٹ پرمود لاونگ، سوامی گوڑ، مشو پٹیل، سنگم سائیلو اور دیگر قائدین موجود تھے۔