سوشیل میڈیا پر عوام کی برہمی ۔ وائی ایس آر کانگریس کا وزیر اعظم و وزیر فینانس کو مکتوب
امراوتی 31 اگسٹ ( پی ٹی آئی ) آندھرا بینک کے دوسرے بینکوں میں انضمام کی مخالفت میں آندھرا پردیش کے عام شہریوں نے سوشیل میڈیا پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے جبکہ برسر اقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے وزیر اعظم نریندر مودی اور وزیر فینانس نرملا سیتارامن کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے انضمام کی مخالفت کی ہے ۔ پارٹی کا کہنا ہے کہ انضمام سے تلگو عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں۔ مچھلی پٹنم کے وائی ایس آر کانگریس ایم پی وی بالاشوری نے واضح کیا کہ تلگو عوام کا وقار آندھرا بینک سے جڑا ہوا ہے اور اس کو دوسرے بینکوں میںضم کرنے سے تلگو عوام کے جذبات مجروح ہوتے ہیں۔ اس کے علاوہ اس بینک کو دنیا بھر میں تلگو بینک کے طرز پر جانا جاتا ہے ۔ بالاشوری نے اپنے مکتوب میں عوامی شعبہ کے بینکوں کو مستحکم کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کیا ہے تاہم کہا کہ تلگو عوام نے آندھرا بینک کے یونین بینک آف انڈیا اور کارپوریشن بینک میں انضمام کی تجویز پر شدید جذبات کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو عوام کے جو تحفظات ہیں وہ واجبی ہیں۔ وہ مچھلی پٹنم پارلیمانی حلقے کی نمائندگی کرتے ہیں جہاں آندھرا بینک کے بیج بوئے گئے تھے ۔ بینک کی داغ بیل ڈاکٹر بی پٹابھی سیتارامیا نے ڈالی تھی اور یہ ایک صدی پہلے شروع ہوا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا بینک کے اسٹاف اور متواتر قائم ہونے والی حکومتوں اور تلگو عوام کی مسلسل کوشوں کے نتیجہ میں اس بینک کی خدمات طول و عرض میں پھیل گئی ہیں
اور اس کا کاروباری ٹرن اوور اب چار لاکھ کروڑ روپئے تک پہونچ گیا ہے ۔ انہوں نے تجویز کیا کہ اگر مرکزی حکومت اس انضمام پر مصر ہی ہے تو اسے آندھرا بینک کا نام برقرار کرھنا چاہئے اور اس کا ہیڈ کوارٹر مچھلی پٹنم یا پھر وجئے واڑہ میں بنانا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو عوام کی یہی خواہش ہے ۔ آندھرا پردیش میں کئی لوگوں نے فیس بک وغیرہ پر پیامات کے ذریعہ افسوس کا اظہار کیا کہ آندھرا بینک اب اپنے وجود سے محروم ہوجائیگا حالانکہ یہ تلگو عوام کے وقار کی علامت ہے ۔ فیس بک صارفین نے بینک کے بانی کی تصاویر بھی پیش کیں جو نہ صرف ایک مجاہد آزادی بلکہ متحدہ ہندوستان میں کانگریس کے پہلے صدر بھی تھے ۔ عوام نے سوشیل میڈیا کے دوسرے پلیٹ فارمس پر بھی بینک کے انضمام پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے ۔ کانگریس کے رکن راجیہ سبھا کے وی پی رامچندر راو نے بھی وزیر فینانس کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے کہا کہ بینک کے انضمام سے تلگو عوام کے جذبات مجروح ہوئے ہیں اور تلگو وقار متاثر ہوا ہے ۔
