چیف منسٹر جگن موہن ریڈی کا پارٹی کارکنوں کو اشارہ ، اسمبلی حلقہ اونکی میں خطاب
حیدرآباد۔21 ۔اکٹوبر(سیاست نیوز) وائی ایس آر سی پی نے بھی آندھرا پردیش میں انتخابات کی تیاریوں کوآغاز کردیا ہے!تلنگانہ میں قبل از وقت انتخابات کے سلسلہ میں جاری قیا س آرائیوں کے دوران پڑوسی ریاست آندھراپردیش میں چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی کی جانب سے پارٹی کیڈر کو انتخابات کے لئے تیار رہنے کے مشورہ کے بعد سیاسی حلقوں میں ہلچل پیدا ہوچکی ہے اورکہا جا رہاہے کہ آندھراپردیش میں انتخابات کے لئے ابھی 19ماہ باقی ہیں اور ابھی سے چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے اپنے پارٹی کارکنوں کو انتخابات کے لئے تیار رہنے کا مشورہ دینا شروع کردیا گیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ آندھراپردیش میں تلگودیشم ‘ بھارتیہ جنتا پارٹی اور جنا سینا پارٹی کے درمیان امکانی اتحاد کو دیکھتے ہوئے وائی ایس آرسی پی نے بھی ابھی سے اپنی سیاسی حکمت عملی تبدیل کرنی شروع کردی ہے ۔ذرائع کے مطابق چیف منسٹر آندھراپردیش مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی عاجلانہ انتخابات کی راہ ہموار کرنے کے اقدامات کرسکتے ہیں کیونکہ اگر تینوں سیاسی جماعتوں میں اتحاد قطعیت پاتا ہے تو ایسی صورت میں وائی ایس آر سی پی کو سخت مقابلہ کا امکان ہے۔ انہو ںنے ریاست کے حلقہ جات اسمبلی میں موجود تلگودیشم کے خلاف منفی لہر سے فائدہ اٹھانے کے لئے اپنے پارٹی کارکنوں اور قائدین کو مشورہ دیا اور کہا کہ ریاستی حکومت کی فلاح و بہبود کی اسکیمات سے عوام مطمئن ہیں اور آئندہ انتخابات میں عوام وائی ایس آر سی پی کے کارناموںکو یاد رکھے گی ۔ انہو ںنے اپنے کارکنوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنا ہر قدم آئندہ انتخابات کو نظر میں رکھتے ہوئے اٹھائیں۔ انہو ںنے حلقہ اسمبلی ادنکی میں پارٹی کارکنوں و قائدین سے بات چیت کے دوران کہا کہ اپنے اپنے حلقوں میں حکومت کی جانب سے انجام دی جانے والی فلاحی اسکیمات کے استفادہ کنندگان کی تفصیل سے رائے دہندوں کو واقف کروایا جائے اور ان کے اعداد و شمار پیش کئے جائیں تاکہ عوام کو اس بات سے واقفیت حاصل ہوکہ ریاستی حکومت نے اتنے برسوں کے دوران کیا کارنامے انجام دئیے ہیں۔م