دیگر 9 زخمی، مہلوکین کے ورثا کیلئے فی کس 5 لاکھ ایکس گریشیا کا اعلان
حیدرآباد۔/15 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے مغربی گوداوری ضلع میں آر ٹی سی بس ندی میں گر پڑی جس کے نتیجہ میں 9 افراد ہلاک ہوگئے جبکہ دیگر 9 مسافرین زخمی ہوگئے۔ یہ واقعہ جنگا ریڈی گوڈم منڈل کے جلیرو گاؤں میں پیش آیا۔ جنگا ریڈی گوڈم ڈپو سے تعلق رکھنے والی بس بے قابو ہوکر ندی کی ریلنگ توڑتے ہوئے پانی میں گر پڑی۔ مقامی افراد نے فوری طور پر بچاؤ کی کوشش کی تاہم اس وقت تک ڈرائیور چنا راؤ کے بشمول 9 مسافرین غرقاب ہوگئے تھے کیونکہ وہ بس سے باہر نکلنے میں ناکام ہوگئے تھے۔ عینی شاہدین کے مطابق بس کی رفتار کافی تیز تھی اور جس وقت وہ ندی میں گری وہ ڈرائیور کی سائیڈ سے غرقاب ہوئی۔ مقامی عوام نے حکام کے ساتھ ملکر بس میں پھنسے ہوئے مسافرین کو نکالا اور ہاسپٹل منتقل کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ بس میں جملہ 47 مسافرین سوار تھے۔ مہلوکین میں زیادہ تر خواتین اور بچے بتائے جاتے ہیں۔ بس میں پھنس جانے کے سبب ان کی اموات واقع ہوئی ہیں۔ دیگر افراد کسی طرح بس سے نکلنے میں کامیاب ہوگئے۔ یہ بس ویلیرو پاڈو سے جنگا ریڈی گوڈم جارہی تھی۔ عہدیداروں نے بتایا کہ مہلوکین کی تعداد میں اضافہ کا اندیشہ ہے کیونکہ 9 زخمیوں میں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ مقامی افراد نے فوری طور پر بس میں پھنسے ہوئے دیگر مسافرین کو باہر نکالا۔ حادثہ کے مقام پر بڑی تعداد میں عوام جمع ہوگئے۔ مقامی آر ڈی او اور ڈی ایس پی کی نگرانی میں امدادی کام انجام دیئے گئے۔ بس حادثہ پر ریاستی وزیر پی نانی نے افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے مہلوکین کے پسماندگان سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ حکومت نے اس واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے۔ اسی دوران چیف منسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی نے بس حادثہ کے مہلوکین کے پسماندگان کو فی کس 5 لاکھ روپئے ایکس گریشیا کا اعلان کیا۔ انہوں نے حکام کو ہدایت دی کہ زخمیوں کے بہتر علاج میں کوئی کسر باقی نہ رہے۔ ر