کئی مقامات پر بارش ۔ بچاؤ ٹیمیں سرگرم ۔ کچھ پروازوں کو بھی منسوخ کردیا گیا
حیدرآباد 10 مئی ( سیاست نیوز ) محکمہ موسمیات کے بموجب ایک شدید سمندری طوفان آسانی آندھرا پردیش کی سمت پیشرفت کر رہا ہے ۔ محکمہ نے ریاست کے ساحلی علاقوں کیلئے ریڈ الرٹ جاری کردیا ہے اور کئی مقامات پر بھاری بارش ہو رہی ہے ۔ اس کے علاوہ تیز ہوائیںب ھی چل رہی ہیں۔ کچھ علاقوں میں پانی جمع ہونے کی شکایات بھی ملی ہیں۔ تاہم محکمہ نے کہا کہ طوفان کے ساحل آندھرا پردیش سے ٹکرانے کے امکانات نہیں ہیں۔ محکمہ کے بلیٹن میں کہا گیا ہے کہ امکان ہے کہ یہ سمندری طوفان شمال مغرب کی سمت پیشرفت کرتے ہوئے مغربی وسطی خلیج بنگال کی طرف بڑھ جائیگا اور کاکناڈا و وشاکھاپٹنم سے گذرتا ہوا شمالی آندھرا پردیش اور اوڈیشہ کیس احل پر خلیج بنگال کی طرف چلا جائیگا ۔ کہا گیا ہے کہ 12 مئی صبح تک یہ سمندری طوفان کمزور پڑسکتا ہے اور ڈپریشن کی کیفیت پیدا ہوسکتی ہے جس کے اثر سے بارش ہوگی ۔ محکمہ موسمیات کی وارننگ کے بعد مچھیروں کو سمندر میں جانے سے منع کردیا گیا ہے ۔ انہیں 12 مئی تک سمندر سے دور رہنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ این ڈی آرایف اورایس ڈی آرایف کی ٹیموں کو بچاو و راحت کاموں کے لئے ساحلی اے پی میں تیار رکھاگیا ہے ۔اس سمندری طوفان کے نتیجہ میں وشاکھاپٹنم کے ساحل پر تیز طوفانی موجیں اٹھ رہی ہیں۔ طوفان کے پیش نظر دس فلائٹس بشمول حیدرآباد، وشاکھاپٹنم، جئے پور اور ممبئی جانے والی فلائٹس کو چینئی ایرپورٹ پر منسوخ کردیاگیا۔
تلنگانہ اضلاع میں اوسط بارش کا امکان
حیدرآباد 10 مئی ( سیاست نیوز ) ڈائرکٹر محکمہ موسمیات ڈاکٹر ناگا رتنا نے کہا کہ سائیکلون آسانی کے اثر سے تلنگانہ کے کچھ اضلاع
میں آئندہ چار تا پانچ دن کے دوران ہلکی سے اوسط بارش ہوسکتی ہے یا گرج چمک کے ساتھ بوندا باندی ہوسکتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ دو دن کے دوران تلنگانہ میں بھی گرج چمک اور ہوائیں چلنے کا امکان ہے ۔ واضح رہے کہ محکمہ موسمیات نے شدید طوفان سائیکلون کی پیش قیاسی کی تھی ۔ امکان ہے کہ یہ طوفان ساحل سے دور رہے گا اور آندھرا پردیش ‘ اوڈیشہ اور مغربی بنگال کو پار کرنے کا امکان نہیں ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہا کہ تلنگانہ اضلاع میںایک یا دو مقامات پر ہلکی سے اوسط بارش ہوگی ۔ شمال مشرقی اور مشرقی اضلاع میں بارش ہوسکتی ہے ۔ محکمہ نے پہلے پیش قیاسی کی تھی کہ اس طوفان کے اثر سے اوڈیشہ کے کچھ ساحلی اضلاع میں10 مئی سے شدید بارش ہوگی ۔