حیدرآباد۔/7 ڈسمبر، ( سیاست نیوز) ملک کے مختلف علاقوں میں اومی کرون ویرینٹ کے کیسس کا خوف تلگو ریاستوں پر بھی چھایا ہوا ہے۔ اگرچہ دونوں ریاستوں میں ابھی تک نئے ویرینٹ کا ایک بھی معاملہ منظر عام پر نہیں آیا لیکن بیرونی ممالک سے آنے والے مسافرین پر حکام کڑی نظر رکھے ہوئے ہیں۔ آندھرا پردیش کے سریکا کولم میں آج اس وقت ہلچل پیدا ہوگئی جب لندن سے آنے والے ایک مسافر میں کورونا پازیٹیو پائے جانے کی اطلاع عام ہوگئی۔ عہدیدار اسے ریاست میں اومی کرون ویرینٹ کا داخلہ تصور کرنے لگے۔ بتایا جاتا ہے کہ سریکا کولم کے سنتا بومیلی منڈل میں لندن سے آنے والے ایک شخص میں کورونا کی علامات پائی گئیں۔ ضلع عہدیداروں نے اگرچہ اس کی توثیق نہیں کی تاہم مقامی افراد کا کہنا ہے کہ گزشتہ ماہ لندن سے آنے والے شخص کی صحت خراب ہونے پر اندیشوں کا اظہار کیا جانے لگا۔ اسے سرکاری ہاسپٹل منتقل کیا گیا اور خون کے نمونے لیاب کو روانہ کردیئے گئے۔ گاؤں میں نئے ویرینٹ کے خوف سے کوویڈ قواعد پر سختی سے عمل آوری کا آغاز ہوگیا۔ ہر شخص نے اپنے لئے ماسک کے استعمال کو لازمی کرلیا ہے۔ اسی دوران ڈسٹرکٹ میڈیکل اینڈ ہیلت آفیسر جگنادھم نے کہا کہ لندن سے آنے والے شخص میں نیا ویرینٹ نہیں پایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ساؤتھ افریقہ سے آنے والے ایک شخص میں کورونا پازیٹیو پایا گیا اور اس کے نمونوں کو جانچ کیلئے روانہ کیا گیا ہے۔ اسی دوران آندھرا پردیش میں کورونا کے 184 نئے کیسس منظر عام پر آئے اور دو اموات واقع ہوئیں۔ر