آندھرا پردیش کے کیاب ڈرائیورس کو حیدرآباد میں تحفظ فراہم کرنے پون کلیان کی اپیل

   

واپسی کیلئے ہراسانی کی شکایت، تلگوریاستوں کے عوام میں اتحاد کی دہائی
حیدرآباد۔/7 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش کے ڈپٹی چیف منسٹر پون کلیان نے تلنگانہ حکومت سے مطالبہ کیا کہ آندھرا پردیش سے تعلق رکھنے والے کیاب ڈرائیورس کے حیدرآباد میں تحفظ کو یقینی بنائیں۔ کیاب ڈرائیورس نے پون کلیان سے شکایت کی کہ حیدرآباد میں انہیں دھمکیاں دی جارہی ہیں اور آندھرا پردیش واپس ہونے کی صلاح دی جارہی ہے۔ پون کلیان نے چیف منسٹر تلنگانہ ریونت ریڈی سے اس معاملہ کا جائزہ لیتے ہوئے انسانی ہمدردی کی بنیاد پر یکسوئی کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں تلگوریاستوں کی ترقی کیلئے عوام کے درمیان اتحاد اور اتفاق واحد راستہ ہے۔ آندھرا پردیش کے کیاب ڈرائیورس کو حیدرآباد چھوڑنے کیلئے دباؤ بنانا غیر منصفانہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ آندھرا پردیش کے 2 ہزار سے زائد خاندانوں کی کفالت حیدرآباد میں کام کرنے والے کیاب ڈرائیورس کے ذریعہ ہورہی ہے۔ انہوں نے کیاب ڈرائیورس سے ملاقات کے دوران ان کے مطالبات کی تائید کا یقین دلایا۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں آندھرا پردیش حکومت سے نمائندگی کی جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلگو ریاستوں کے عوام میں ایک دوسرے کے خلاف نفرت کا جذبہ مناسب نہیں ہے۔ انہوں نے تلنگانہ کے کیاب ڈرائیورس سے اپیل کی کہ وہ آندھرا پردیش کے کیاب ڈرائیورس کی ہر ممکن مدد کریں۔ کیاب ڈرائیورس نے امراوتی پہنچ کر جنا سینا آفس میں پون کلیان سے ملاقات کی اور شکایت کی کہ انہیں آندھرا پردیش واپس ہونے کیلئے ہراساں کیا جارہا ہے کیونکہ 2 جون کو حیدرآباد کے دونوں ریاستوں کے مشترکہ دارالحکومت کا موقف ختم ہوچکا ہے۔ کیاب ڈرائیورس نے ریاستی وزیر نارا لوکیش سے بھی نمائندگی کی۔1