آپ کی شیروانی کے اندر خاکی چڈی، بی جے پی ایم ایل اے آپ کا مدد گار

,

   

اسد اویسی کے گھر پر امیت شاہ کے قریبی بی جے پی ایم پی کی دعوتیں،مکہ مسجد میں قسم کھانے کا چیلنج
گوشہ محل سے تیسرا بھائی امیدوار کیوں نہیں ؟ بی جے پی سے کوئی تعلق نہیں۔ ریونت ریڈی کی پریس کانفرنس

حیدرآباد۔/12 نومبر، ( سیاست نیوز) صدر پردیش کانگریس ریونت ریڈی نے آر ایس ایس سے تعلق سے متعلق مجلسی قیادت کے الزامات کو مسترد کردیا اور اسد اویسی سے سوال کیا کہ کانگریس دور حکومت میں گرفتاری کے بعد سنگاریڈی کورٹ سے ضمانت کس نے دلائی تھی۔ انہوں نے کہا کہ دوباک کے بی جے پی رکن اسمبلی رگھونندن راؤ نے اسد اویسی کی ضمانت کی کارروائی کی تھی جو خود اس بات کا ثبوت ہے کہ مجلس اور بی جے پی میں گٹھ جوڑ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجھ پر آر ایس ایس سے تعلق کا الزام عائد کرنے والے اسد اویسی کی شیروانی کے نیچے پاجامہ نہیں بلکہ خاکی نیکر ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسد اویسی کے والد صلاح الدین اویسی نے لندن میں بیرسٹر کی تعلیم اس دلوائی تھی کہ اقلیتوں کے مفادات و ان کے حقوق کا تحفظ کرکے سیشن کورٹ سے لے کر سپریم کورٹ تک آواز اٹھائیں اور مسلمانوں کے مسائل کی پیروی کریں لیکن اسد اویسی نے ایسا نہیں کیا۔ ان کی گرفتاری پر بی جے پی رکن اسمبلی رگھونندن راؤ نے ان کی ضمانت کرائی تھی۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ بی جے پی رکن اسمبلی سے ضمانت پانے والے مجھ پر آر ایس ایس الزام عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجلس دراصل قاسم رضوی کی پارٹی ہے جو نظام حکومت میں رضاکار تھے۔ دارالسلام کی جائیداد اور ساری املاک قاسم رضوی کی ہیں جو آج مجلس کے کنٹرول میں ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ قاسم رضوی کی پارٹی کے پس منظر میں اگر میں اسد اویسی کو قاسم رضوی کہہ کر بلاؤں تو کیا قبول کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگر میرا تعلق بی جے پی سے ہوتا تو مرکز میں میں وزیر ہوتا۔ گذشتہ 20 برسوں سے بی جے پی کے ساتھ میرا کوئی تعلق نہیں رہا۔ انہوں نے صدر مجلس سے سوال کیا کہ گوشہ محل میں راجہ سنگھ کے خلاف امیدوار کیوں کھڑا نہیں کیا گیا جبکہ دارالسلام گوشہ محل کے تحت آتا ہے۔ اظہر الدین کو جوبلی ہلز سے شکست دینے مجلس نے اپنا امیدوار میدان میں اُتارا ہے۔ راجہ سنگھ آپ کے اور آپ کے خاندان کیلئے انتہائی بے ہودی باتیں کرتا ہے پھر بھی اس کے خلاف مقابلہ نہیں کیا جاتا۔ انہوں نے کہا کہ دونوں بھائی اگر مصروف ہیں تو تیسرے بھائی کو گوشہ محل سے امیدوار بناسکتے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ محمد علی شبیر کے خلاف کے سی آر کو کاماریڈی بھیجنے کی بجائے اسد اویسی کو چاہیئے تھا کہ وہ کے سی آر کو راجہ سنگھ کے خلاف مقابلہ کی ترغیب دیتے۔ انہوں نے کہا کہ اپنے دوست کے سی آر کو بچانے مجھ پر آر ایس ایس کا الزام عائد کررہے ہیں۔ انہوں نے اسد اویسی سے سوال کیا کہ سنگاریڈی عدالت میں ضمانت کیلئے بی جے پی رکن اسمبلی وکیل تھے یا نہیں اس کا جواب دیں اور گوشہ محل سے مقابلہ نہ کرنے کی وضاحت کی جائے۔ اکبر اویسی کی جانب سے بھاگیہ لکشمی مندر میں قسم کھانے کے مطالبہ پر ریونت ریڈی نے کہا کہ میں ہندو ہوں اور میں مندر جاتا ہوں لیکن آپ کب سے مندر جانے لگ گئے ۔ امیت شاہ اور یوگی آدتیہ ناتھ کے بھاگیہ لکشمی مندر جانے کے بعد کیا آپ کو بھی مندر پر اعتقاد ہونے لگا ہے؟۔ انہوں نے کہا کہ آپ تو مجھے جہانگیر پیراںؒ درگاہ یا دہلی کی کسی درگاہ میں آکر قسم کھانے کہتے تو بات سمجھ میں آتی تھی۔ ریونت ریڈی نے الزام عائد کیا کہ یوگی آدتیہ ناتھ اور امیت شاہ کے خاص رکن پارلیمنٹ کو اسد اویسی نے شاستری پورم میں اپنی قیامگاہ پر کئی مرتبہ دعوت دی تھی۔ کرناٹک کے اسمبلی چناؤ میں اسد اویسی کی گاڑی میں بی جے پی رکن پارلیمنٹ گھوم رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ کو اسد اویسی نے گلبرگہ تک پہنچایا تھا۔ انہوں نے اسد اویسی کو چیلنج کیا کہ وہ اس مسئلہ پر مکہ مسجد پہنچ کر قرآن اٹھاکر قسم کھائیں۔ انہوں نے کہا کہ جمعہ کے دن وہ بھاگیہ لکشمی مندر پہنچ کر گیتا اٹھا کر بی جے پی رکن پارلیمنٹ کی دعوت اور ساتھ گھومنے کی بات دہرائیں گے اور وہاں سے میں مکہ مسجد آؤں گا جہاں آپ قرآن اٹھا کر میری بات کی تردید کریں۔ انہوں نے کہا کہ کرناٹک کی طرح تلنگانہ میں کانگریس کو مسلمانوں کی تائید سے بوکھلاہٹ کا شکار ہوکر بی جے پی، مجلس اور جنتا دل سیکولر نے سازش تیار کی ہے تاکہ بی آر ایس کو کامیاب بنایا جائے۔