نئی دہلی 24 جون (یو این آئی) ایران نے وزیر اعظم نریندر مودی کو مرحوم سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جولائی کے پہلے ہفتے میں ہونے والے جنازے میں شرکت کیلئے باضابطہ مدعوکیا ہے ۔ذرائع کے مطابق مودی کو ایران کے صدر مسعود پیزشکیان کی جانب سے مدعوکیاگیا ہے ۔ ذرائع نے بتایا ـکہ ایران کے صدر نے وزیر اعظم مودی کو سابق سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے جنازے میں شرکت کیلئے باضابطہ مدعوکیا ہے ۔تاہم یہاں حکومت کی جانب سے ابھی تک اس کی تصدیق نہیں کی گئی ہے ۔ایران کے سپریم لیڈر رہے خامنہ ای کے جنازے کی رسم 4 جولائی کو شروع ہوگی اور نو جولائی کو شمال مشرقی ایران کے مقدس شہر مشہد میں انہیں دفن کیے جانے کے ساتھ ختم ہوگی۔ مشہد ان کا آبائی شہر بھی تھا۔ ایران کے 86 سالہ لیڈر کی گزشتہ 28 فروری کو تہران پر اسرائیل اور امریکہ کے فضائی حملوں کے پہلے دن ہی موت ہو گئی تھی۔ انہوں نے 36 برسوں تک ایران کے سپریم لیڈر کے طور پر کام کیا۔ ان کی تدفین اس وقت نہیں ہو سکی تھی کیونکہ تینوں ممالک کے درمیان اس وقت جنگ ہو رہی تھی۔