اب آدھار کارڈ کی زیراکس نہیں چلے گی ، مرکزی حکومت کا فیصلہ

   

QR کوڈ سے ہوگی ڈیجیٹل تصدیق ، مرکزی وزارت اطلاعات کا تمام ریاستوں کو مکتوب

حیدرآباد : /16 جولائی (سیاست نیوز) شہریوں کی ذاتی معلومات کے تحفظ اور ڈیٹا چوری کو روکنے کیلئے مرکزی حکومت نے ایک بڑا انقلابی قدم اٹھایا ہے ۔ مرکزی وزارت اطلاعات و ٹیکنالوجی اور (UIDAI) نے اس بات کو واضح کیا ہے کہ مختلف مقامات پر آدھار کارڈ کی زیراکس (فوٹو کاپی) فراہم کرنا بالکل محفوظ نہیں ہے اور اس سے مالیاتی فراڈ (جیسے فرضی لون لینا یا سامان خریدنا) وغیرہ میںاضافہ ہو رہا ہے ۔ لہذا اب زیراکس دینے کی روایت کو ختم کرکے ایپ پر مبنی ڈیجیٹل تصدیقی نظام نافذ کرنے کی ہدایت دی گئی ہے ۔ مرکزی وزارت نے تمام ریاستوں کے چیف سکریٹریز کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے ہوٹلوں ، گیسٹ ہاؤسیز، ہاسپٹلس اور امتحانی مراکز میں آدھار کارڈس کی زیراکس کاپیاں لینے کا سلسلہ فوری بند کرنے کا حکم دیا ہے ۔ تصدیق کرنے والا ادارہ ایک QR کوڈ تیار کرے گا جسے صارف اپنے موبائیل میں موجود مخصوص سرکاری ایپ سے اسکیان کرے گا ۔ اسکیننگ کے بعد سامنے والے اسکرین پر کسٹمر کی اجازت سے صرف انتہائی ضروری معلومات (نام ۔ عمر ۔ موبائل نمبر اور تصویر) ہی ظاہر ہوں گی ۔ پورا ڈیٹا یا آدھار نمبر محفوظ رہے گا ۔ اس ایپ کا استعمال کرنے والے تمام سرکاری اور خانگی اداروں کا (UIDAI) کے ساتھ رجسٹر ہونا لازمی ہوگا ۔ دہلی میں پولیس ، ہوم گارڈ ، جیل ، عدالت اور فائر ڈپارٹمنٹ جیسے سرکاری محکمہ جات پہلے ہی اس ایپ کا کامیابی سے استعمال کررہے ہیں ۔ عہدیداروں نے بتایا کہ گاہک کی اجازت سے صرف ضروری معلومات شیئر کرنے کا یہ جدید طریقہ کار آدھار کارڈ کے غلط استعمال کو جڑ سے ختم کردے گا اور اسے ڈیجیٹل انڈیا کی سمت میں ایک بڑا قدم مانا جارہا ہے ۔ 2/y