تعلیم پر خصوصی توجہ دینے طلبہ و نوجوانوں کو مشورہ، محبوب نگر میں روزنامہ سیاست کے 75 سالہ جشن کے موقع پر جناب عامر علی خان کا خطاب
محبوب نگر ۔ 16 اکتوبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) جدوجہد کی کامیابی کے لئے اتحاد ہی بنیاد ہے۔ ہم سب بلالحاظ منسلک ایک ہوجائیں اور ایک پلیٹ فارم پر جمع ہوکر آواز اٹھائیں۔ یقینا یہ آواز ایوانوں سے ہوتے ہوئے حکومت کو ہلاکر رکھ دے گی۔ ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھے یا نعروں سے حقوق نہیں ملتے بلکہ جہد مسلسل سے حقوق حاصل کئے جاسکتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نیوز ایڈیٹر سیاست جناب عامر علی خاں نے ہفتہ کی شب مستقر محبوب نگر کے الماس فنکشن ہال میں ایک بڑے مجمع کو مخاطب کرتے ہوئے کیا۔ روزنامہ سیاست کی اشاعت کے 75 سالہ جشن کے موقع پر الماس فنکشن ہال میں ایک عظیم الشان مزاحیہ مشاعرہ و ساز پر صوفیانہ کلام کا انعقاد عمل میں لایا گیا تھا۔ نیوز ایڈیٹر سیاست نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سیاست کے 75 سالہ جشن کے موقع پر محبوب نگر کے باذوق حضرات کو حیدرآباد مدعو کرکے تکلیف دینے کی بجائے ہم نے طئے کیا کہ اضلاع میں ہی جشن منعقد کرکے ہم خود باذوق حضرات کے درمیان پہنچیں گے۔ چنانچہ آج کا یہ شاندار پروگرام بھی اسی کی ایک کڑی ہے۔ انہوں نے محبوب نگر کے طلباء اور نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ خلوص کے ساتھ حصول تعلیم پر توجہ مرکوز کریں۔ اس سلسلہ میں انہوں نے محبوب نگر کے ہی مشرف فاروقی کی مثال پیش کی جنہوں نے سخت محنت اور جستجو کے ساتھ نشانہ حاصل کیا اور آج وہ ضلع کلکٹر نرمل ہیں۔ اسی طرح انہوں نے محمد معراج فہیم کا بھی حوالہ دیا جنہوں نے سافٹ ویر کے شعبہ میں لگن اور محنت کے ساتھ مہارت حاصل کی اور آج وہ ایڈونچر پارک کے سی ای او ہیں۔ انہوں نے نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی زندگی میں مستقبل کے لئے کسی بھی شعبہ کا انتخاب کریں لیکن حصول تعلیم ہر شعبہ کے لئے ضروری ہے۔ انہوں نے زبردست جشن کے پروگرام میں اعلان کیا۔ وہ مسلم غریب خاندانوں کے ہونہار مسلم طلباء کے لئے اعلیٰ تعلیم کی فراہمی کے لئے ایک جامع منصوبہ کے ساتھ تیار ہیں۔ انہوں نے متحد ضلع کے مسلم نوجوانوں کو مشورہ دیا کہ وہ اس سلسلہ میں اپنے مقامی نمائندہ سیاست کے پاس اپنے نام درج کرواسکتے ہیں۔ قبل ازیں ایک عظیم الشان مزاحیہ مشاعرہ منعقد ہوا جس میں ممتاز بیرونی شعراء کرام وحید پاشاہ قادری، لطیف الدین لطیف، ہری سنگھ، زوفی مرزاکے علاوہ مقامی شاعر چچا پالموری نے کلام سناکر سامعین سے زبردست داد حاصل کی۔ منور علی مختصر حیدرآباد نے نظامت کے فرائض انجام دیئے۔ جناب بصیر خالد صدر بزم ہم خیال حیدرآباد نے اس موقع پر ’’محبوب نگر میں سیاست کا 75 سالہ سفر‘‘ پر ایک مختصر فولڈز تقسیم کیا جس میں جناب عابد علی خاں، محبوب حسین جگر، زاہد علی خاں صاحب، ظہیر الدین علی خاں صاحب اور جناب عامر علی خاں صاحب کی صحافتی خدمات اور محبوب نگر سے گہرے تعلق کا تذکرہ تصاویر کے ساتھ شائع کیا گیا ہے۔ الماس فنکشن ہال باذوق حضرات سے کھچا کھچ بھر چکا تھا اور تنگ دامنی کا شکوہ کررہا تھا۔ بعد ازاں ساز پر صوفیانہ کلام پیش کیا گیا۔ سامعین کافی دیر تک محظوظ ہوتے رہے ۔ صوفی گلوکار عمران خاں نے منفرد انداز میں سامعین کو داد دینے پر مجبور کردیا۔ پروگرام کو آرڈرینیٹر خیرالدین بیگ جانی اور ان کی ٹیم نے بہترین انداز میں کلچرل پروگرام پیش کیا اور سامعین کا دل موہ لیا۔ اس موقع پر خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی۔ طعام کا عام نظم کیا گیا تھا۔ پروگرام میں امتیاز اسحق چیرمین ریاستی مائناریٹی فینانس کارپوریشن، محمد عبدالرحمن چیرمین اگریکلچر مارکٹ کمیٹی، خواجہ فیاض الدین انور پاشاہ، ڈاکٹر بشیر احمد پرنسپل پالمور یونیورسٹی محمد عبدالہادی ایڈوکیٹ، محمد ذکی سینئر جرنلسٹ، تقی حسین تقی، نور الحسن، محمد عبدالرحیم، امین الدین قادری، سلیم نواب، مرزا قدوس بیگ، سلطان چشتی، نور آفاقی، حلیم بابر، رحمن جامی، بابر شیخ، یوسف علی بابا، سید مظہر الدین سوشل ورکر، فاروق حسین چیرمین ریاستی آلمیوا، وحید شاہ قادری نائب صدر، محمد اطہر احمد پی آر ٹی یو، خواجہ قطب الدین مدرس، عبدالرشید مشتاق کونسلر، جمیل احمد کی بکثرت شال پوشی و گلپوشی کی گئی۔ متحدہ ضلع محبوب نگر کے نامہ نگاران سیاست محمد عبدالمجیب اسٹاف رپورٹرز مسرس منصور علی خان (شاد نگر) ، مجاہد صدیقی نارائن پیٹ، مولانا عبدالقوی مکتھل، محمد عبدالحلیم امجد ٹاؤن رپورٹر، محبوب نگر، منظور احمد دیورکدرہ، الیاس احمد گدوال، باسط مظہری جڑچرلہ، محمد یعقوب ونپرتی، اعجاز احمد ناگر کرنول، عزیز احمد خاں کوسگی، عبدالصمد کلواکرتی، عبدالواحد آتماکور، محمد عبدالواسع و دیگر نے پروگرام کے انتظامات میں حصہ لیا۔