یکساں سیول کوڈ تحریر ہوگا ‘ دوسری ‘ تیسری اور چوتھی شادی پر امتناع‘ صدر نشین وقف بورڈ
دہرہ دون 5 ستمبر ( ایجنسیز ) اترکھنڈ وقف بورڈ کی جانب سے ایک نیا نکاح نامہ تیار کیا جا رہا ہے جو یکساں سیول کوڈ کے دفعات کی مطابقت میں ہوگا ۔ اترکھنڈ وقف بورڈ کے صدر نشین شاداب شمس نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے بتایا کہ نئے نکاح نامہ میں ان تبدیلیوں کو شامل کیا جائے گا جو یکساں سیول کوڈ کے تحت مسلم برادری کیلئے ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ یکساں سیول کوڈ تیار کرنے والے عہدیداروں کے ساتھ مشاورت میں یہ نکاح نامہ تیار کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سیول کوڈ کا مسودہ تیار کرنے والے ذمہ داران بشمول شتروگھن ‘ سلیکھا ڈانگوال اور منو گور کے ساتھ مشاورت شروع بھی کردی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اترکھنڈ میں چیف منسٹر پشکر سنگھ دھامی کی قیادت میں یکساں سیول کوڈ نافذ کردیا گیا ہے ۔ ملک میں اترکھنڈ پہلی ریاست ہے جہاں اسے نافذ کیا گیا ہے ۔ ہم اس بات کو یقینی بنانے کی کوشش کر رہے ہیں کہ یکساں سیول کوڈ پر لفظ بہ لفظ عمل آوری کی جائے اور مسلم برادری کیلیء اس میں جو تبدیلیاں کی گئی ہیں ان پر عمل آوری کو بھی یقینی بنایا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں اترکھنڈ وقف بورڈ سے ایک نیا مسودہ تیار کیا جا رہا ہے ۔ یہ نیا نکاح نامہ ہوگا جو وقف بورڈ سے جاری ہوگا اور اس پر یکساں سیول کوڈ تحریر ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ چونکہ وقف بورڈ تمام مساجد اور مدارس کی دیکھ بھال کا ذزہ دار ہے اس لئے یہ تمام جائیدادیں وقف بورڈ کے تحت ہیں اور بورڈ ان کی دیکھ بھال کر رہا ہے ۔ مسٹر شمس نے کہا کہ مسودہ کے تحت دوسری ‘ تیسری اور چوتھی شادی کی گنجائش کو نئے نکاح نامہ میں ختم کردیا جائے گا اور صرف ایک شادی کی اجازت رہے گی ۔ انہوں نے کہا کہ نئے نکاح نامہ کے تحت حلالہ جیسی روایت پر بھی امتناع عائد کردیا جائے گا ۔