اترکھنڈ : ٹریفک چالانات کی رقم میں کمی

   

دہرہ دون 12 ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) اترکھنڈ کابینہ نے ایک تجویز کو منظوری دیدی ہے جس کے تحت ٹریفک قوانین خلاف ورزیوں پر جرمانوں کی رقم میں کمی کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔ مرکزی موٹر وہیکل ایکٹ کے تحت ملک بھر میں ٹریفک خلاف ورزیوں پر بھاری جرمانے عائد کئے جا رہے ہیں۔ گجرات اور کرناٹک نے پہلے ہی ان جرمانوں کی رقم میں کمی کا فیصلہ کرلیا تھا ۔ کابینہ نے اپنے اجلاس میں فیصلہ کیا کہ مختلف خلاف ورزیو ںکے تحت جرمانوں کی رقم میں تقریبا نصف کٹوتی کردی گئی ہے ۔ سرکاری ترجمان مدن کوشک نے میڈیا کو یہ بات بتائی ۔ انہو ںنے کہا کہ جرمانوں کی رقم میں کمی کا ریاستی حکومت کی جانب سے اعلامیہ جاری کرنے کے بعد اطلاق ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ مختلف خلاف ورزیوں کیلئے جو بھاری جرمانے عائد کرنے کا فیصلہ کیا گیا تھا اب یہ جرمانے نصف کردئے گئے ہیں۔