غیر مشروط معذرت خواہی پر آمادگی کے بعد بمبئی ہائیکورٹ سے بڑی راحت
ممبئی، 2 نومبر (ایجنسیز) بالی ووڈ اداکار عمران خان کو ممبئی ہائی کورٹ سے بڑی راحت مل گئی ہے۔ عدالت نے غیر مشروط معافی پیش کرنے پر آمادگی کے بعد انہیں بھارت میں قیام جاری رکھنے کی اجازت دی ہے۔ اداکار کو ہندوستان چھوڑنے کی نوٹس بھی اگلی سماعت تک معطل رکھنے کا حکم دیا گیا ہے۔ معاملے کی آئندہ سماعت 7 دسمبر کو ہوگی۔امریکی شہریت کے حامل عمران خان کے پاس اوورسیز سٹیزن آف انڈیا کارڈ بھی ہے۔ انہوں نے ایف آر آر او کی جانب سے ہندوستان چھوڑ دینے کی نوٹس کو ممبئی ہائی کورٹ میں چیلنج کیا ہے ۔ آج سماعت کے دوران عدالت نے کہا کہ او سی آئی کارڈ رکھنے والے افراد کو ہندوستانی شہریوں جیسے حقوق حاصل نہیں ہوتے اور ان کا قیام ملک کے قوانین اور حکومت کی شرائط کے تابع ہوتا ہے۔عدالت نے اداکار سے یہ بھی کہا کہ وہ تحریری یقین دہانی پیش کریں کہ آئندہ کسی احتجاج یا سیاسی تحریک میں حصہ نہیں لیں گے ۔ عمران خان کی جانب سے غیر مشروط معافی پیش کرنے پر آمادگی کے بعد عدالت نے انہیں عبوری راحت فراہم کی اور ایف آر آر او کے نوٹس کو فی الحال مؤخر کردیا۔یہ تنازعہ 10 اکتوبر کو ممبئی کے آگسٹ کرانتی میدان کے قریب احتجاج کے بعد شروع ہوا تھا۔ اس مظاہرے میں چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کے استعفے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ مظاہرین نے ایس آئی آر میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف احتجاج کیا تھا۔اس دوران ممبئی پولیس نے عمران خان کو حراست میں لیا تھا۔ بی جے پی رہنما کیرت سومیا نے بعد ازاں پولیس میں شکایت میں الزام لگایا کہ امریکی شہری ہونے کے باوجود اداکار نے سیاسی احتجاج میں شرکت کرکے امیگریشن قوانین کی خلاف ورزی کی ہے۔پولیس شکایت اور ایف آئی آر کی بنیاد پر ایف آر آر او نے 14 اکتوبر کو عمران خان کو ملک چھوڑنے کی نوٹس جاری کی تھی ۔ اس نوٹس میں انہیں 28 اکتوبر تک ملک چھوڑنے کی ہدایت دی گئی تھی۔ عمران خان نے 17 اکتوبر کو ممبئی ہائی کورٹ سے رجوع کرکے اس نوٹس کو من مانی، غیر آئینی اور غیر متناسب قرار دیا تھا۔