حیدرآباد۔/17نومبر، ( سیاست نیوز) ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن نے سکندرآباد اور رامنتا پور میں دو علحدہ کارروائیوں کے ذریعہ غیر قانونی طور پر ادویات کی فروخت کو بے نقاب کیا۔ حکام نے اسقاطِ حمل اور دیگر عوارض سے متعلق ممنوعہ ادویات کی فروخت کے خلاف بھی کارروائی کی۔ ڈرگس کنٹرول اڈمنسٹریشن کے حکام نے گائتری میڈیکل اینڈ جنرل اسٹور سیتاپھل منڈی سکندرآباد پر دھاوا کیا اور کئی بے قاعدگیوں کا پتہ چلایا۔ میڈیکل ہال میں ایکسپائرڈ ادویات فروخت کی جارہی تھیں۔ اس کے علاوہ بلز کے بغیر اسقاطِ حمل اور دیگر ادویات دی جارہی تھیں۔ دھاوے کے دوران 45 اقسام کی ادویات مالیتی 1.25 لاکھ کو ضبط کیا گیا۔ شریمتی ڈی سریتا اسسٹنٹ ڈائرکٹر نے دھاوے کی قیادت کی۔ اسی دوران حکام نے گمراہ کن اشتہارات کے ذریعہ ایلوپیتھک ادویات کی فروخت کا بھی پتہ چلایا۔ اس سلسلہ میں رامنتا پور اوپل میں میڈیکل اسٹور پر دھاوا کیا گیا جہاں مدھیہ پردیش میں تیار کی جانے والی ادویات فروخت کی جارہی تھیں۔ ادویات کے گمراہ کن اشتہارات پر حکام نے کارروائی کی۔ عوام سے اپیل کی گئی ہے کہ وہ غیر قانونی سرگرمیوں کے بارے میں ٹول فری نمبر 1800-599-6969 پر اطلاع دیں۔1