ممبئی: شیو سینا (ادھو ) کے سربراہ ادھو ٹھاکرے دہلی اسمبلی انتخابات میں کانگریس یا عآپ کے لیے مہم نہیں چلائیں گے کیونکہ پارٹی نے غیر جانبدارانہ موقف اختیار کیا ہے۔ پارٹی کے رکن پارلیمنٹ سنجے راوت نے منگل کو یہ اطلاع دی۔راوت نے زور دے کر کہا کہ عآپ اور کانگریس دونوں انڈین نیشنل ڈیولپمنٹل انکلوسیو الائنس (انڈیا) کے ممبر اور شیو سینا (ادھو بالا صاحب ٹھاکرے) کے دوست ہیں۔ جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ٹھاکرے 5 فروری کو ہونے والے دہلی اسمبلی انتخابات میں دونوں جماعتوں میں سے کسی کے لیے بھی مہم چلائیں گے، تو انھوں نے کہا کہ مہم کے لیے کہیں نہیں جارہے۔ ہم غیر جانبدار ہیں۔ دہلی میں انتخابی مقابلے کے لیے بساط بچھائی گئی ہے، سماج وادی پارٹی (ایس پی) اور ترنمول کانگریس نے اروند کجریوال کی قیادت والی عام آدمی پارٹی کی حمایت کی ہے۔ جہاں ایکناتھ شنڈے کی قیادت میں شیو سینا نے بھارتیہ جنتا پارٹی کو اپنی حمایت بڑھا دی ہے۔