حیدرآباد۔/15 جون، ( سیاست نیوز) مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی منشیات سے پاک کیمپس ہے جہاں سگریٹ نوشی کی بھی اجازت نہیں۔ وائس چانسلر پروفیسر سید عین الحسن نے آج ’’ منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے انسداد اور زندگی کو ہاں اور منشیات کو نہ کہو ‘‘ مہم کا آغاز کیا۔ طلبہ میں منشیات کے خلاف شعور بیداری کیلئے یہ مہم شروع کی گئی ہے۔ نارکوٹک سنٹرل بیورو حیدرآباد سب زون کی جانب سے یہ پروگرام منعقد کیا گیا۔ پروفیسر عین الحسن نے کہا کہ یونیورسٹی میں پہلے ہی انسداد منشیات کمیٹی موجود ہے جس کے وہ صدرنشین ہیں۔ پی اروندن ( آئی پی ایس ) زونل ڈائرکٹر این سی بی نے کہا کہ طلبہ کو صرف تعلیم پر توجہ مرکوز کرنی چاہیئے۔ انہوں نے منشیات اور دیگر تخریبی سرگرمیوں سے پرہیز کا مشورہ دیا۔ مسز شلپاولی ڈی سی پی مادھا پور زون نے منشیات کی لعنت پر قابو پانے کیلئے پولیس کے رول کا ذکر کیا اور سزاء کی تفصیلات بیان کی۔ ڈائرکٹر امروتا فاؤنڈیشن سوسائٹی ڈاکٹر دیویکا رانی نے پاور پوائنٹ پریزنٹیشن کے ذریعہ منشیات کے مضر اثرات کی تفصیلات پیش کی۔