نئی دہلی: بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے نوام ریبیا نے جمعہ کو راجیہ سبھا میں اروناچل پردیش کے لئے علیحدہ انڈین ایڈمنسٹریٹو سروس (آئی اے ایس) کیڈر کا مطالبہ کیا۔ ریبیا نے ایوان میں وقفہ صفر کے دوران”اسپیکر کی اجازت سے اٹھائے جانے والے مدے ” کے تحت کہا کہ ارونا پردیش میں علیحدہ آئی اے ایس کیڈر نہ ہونے کی وجہ سے ریاست کی ترقی متاثر ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اروناچل پردیش کا اپنا آئی اے ایس کیڈر نہیں ہے جس سے ریاست میں ترقیاتی کام متاثر ہوتے ہیں۔ کوئی اہم افسر طویل وقت تک ریاست میں نہیں رہ پاتا جس کی وجہ سے ترقیاتی کاموں کا تال میل ختم ہو جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ریاستی اسمبلی نے اروناچل پردیش میں علیحدہ آئی اے ایس کیڈر بنانے کے لیے ایک قرارداد منظور کر کے اسے مرکزی حکومت کو بھیج دیا ہے ۔ ریاستی حکومتیں بھی اس سلسلے میں مرکزی حکومت کو کئی درخواستیں بھیج چکی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اس سے ریاست میں سینئر افسر طویل مدت تک رہ سکیں گے اور ترقیاتی کام آسانی سے آگے بڑھ سکیں گے ۔ بی جے پی رکن نے کہا کہ کوئی بھی اہم افسر ریاست میں دو تین سال سے زیادہ وقت تک نہیں رہتا ہے ۔