حیدرآباد۔/17 اگسٹ، ( سیاست نیوز) آندھرا پردیش ہائی کورٹ نے عوامی نمائندوں کے مقدمات سے دستبرداری پر جگن حکومت کی سرزنش کی ہے۔ عوامی نمائندوں پر مقدمات کے سلسلہ میں سپریم کورٹ کے احکامات کے باوجود مقدمات سے دستبرداری پر ہائی کورٹ نے برہمی کا اظہار کیا۔ چیف جسٹس نے مقدمات سے دستبرداری کے سلسلہ میں حکومت سے وضاحت طلب کی۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے اجازت حاصل کرنے کی شرط کے باوجود ارکان اسمبلی کے خلاف مقدمات سے دستبرداری کیوں اختیار کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہائی کورٹ سے اجازت کے بغیر ہی اپنے طور پر فیصلہ کیا ہے جو توہین عدالت کے مترادف ہے۔ چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت کو ہائی کورٹ کی اجازت کے بعد ہی جی او جاری کرنا چاہیئے تھا۔ انہوں نے کہا کہ اگر ہائی کورٹ حکومت کے احکامات کو کالعدم کردے تو عوام میں حکومت کے بارے میں غلط پیام جائے گا۔ اس مرحلہ پر کیا کرنا ہے حکومت کو غور کرنا چاہیئے۔ آئندہ دو ہفتوں میں تمام تفصیلات پیش کرنے کی ہدایت دی گئی۔ واضح رہے کہ جگیا پیٹ کے رکن اسمبلی ادئے بھانو کے خلاف مقدمات سے دستبرداری کو ہائی کورٹ میں چیلنج کیا گیا۔ر