اساتذہ کے مسائل فوری حل کیے جائیں:شرد پوار

   

ممبئی ، 9 جولائی (یو این آئی) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار گروپ) کے صدر شرد پوار نے ریاست مہاراشٹر کی حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ آزاد میدان ممبئی میں جاری اساتذہ کے احتجاج کو فوری طور پر ختم کرنے کے لیے ضروری اقدامات کرے ۔ بدھ کے روز انہوں نے احتجاج میں شامل اساتذہ سے ملاقات کے بعد صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امداد یافتہ اور جزوی امداد یافتہ تعلیمی اداروں کے اساتذہ اپنے حقوق کے لیے سراپا احتجاج ہیں اور ریاستی حکومت کو ان کے جائز مطالبات کے حل میں تاخیر نہیں کرنی چاہیے ۔ شرد پوار نے اس موقع پر کہا کہ وہ گزشتہ 56 برسوں سے قانون سازی کے عمل سے جڑے ہوئے ہیں، اس لیے اچھی طرح جانتے ہیں کہ فیصلہ سازی میں زیادہ وقت نہیں لگنا چاہیے ۔ انہوں نے حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ محض احکامات جاری کرنے سے کچھ حاصل نہیں ہوگا اگر اس کے ساتھ مالی معاونت مہیا نہ کی جائے ۔ انہوں نے واضح کہا کہ بغیر بجٹ مختص کیے ہوئے احکامات بے معنی ہوتے ہیں اور حکومت کو اپنی ذمہ داریوں سے منہ موڑنے کا کوئی حق نہیں ہے ۔ احتجاج کر رہے اساتذہ کا الزام ہے کہ حکومت کے وعدوں کے باوجود اسکولوں کو دی جانے والی گرانٹس میں اضافہ نہیں کیا گیا۔
اور موجودہ گرانٹس بھی قسطوں میں جاری کی جا رہی ہیں، جس سے تعلیمی اداروں کے روزمرہ امور متاثر ہو رہے ہیں۔ اس دوران شرد پوار کے ہمراہ لوک سبھا کے رکن نیلیش لنکے اور رکن اسمبلی روہت پوار بھی موجود تھے ۔
پوار نے کہا کہ چاہے وہ سرکاری شعبہ ہو یا نیم سرکاری، کارکنان ہی نظام کی ریڑھ کی ہڈی ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اساتذہ نئی نسل کی تعمیر کرتے ہیں اور انہیں عزت و وقار سے جینے کا حق دیا جانا چاہیے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ان مطالبات کو فوری تسلیم کرے تاکہ اساتذہ بارش میں بیٹھ کر احتجاج پر مجبور نہ ہوں۔