ہم نے شام کے راستے فوجی سپلائی کا راستہ کھودیا: نعیم قاسم
بیروت: لبنان کی مزاحمتی تحریک حزب اللہ کے سربراہ نعیم قاسم نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ بشار الاسد حکومت کے خاتمے کے بعد حزب اللہ نے ایران سے شام کے راستے ہونے والی فوجی سپلائی کا راستہ فی الحال کھو دیا ہے۔ عرب میڈیا کے مطابق حزب اللہ سربراہ نعیم قاسم نے گزشتہ روز اپنی تقریر میں کہا کہ شام کو خطرناک توسیع پسند دشمن کا سامنا ہے اور شام میں گولان پہاڑیوں کے بفرزون پر اسرائیلی فوج کا قبضہ اس کا ثبوت ہے۔ حزب اللہ سربراہ نے کہا کہ شام کے حالات کو مستحکم کرنے تک شامی باغیوں کے بارے میں رائے قائم نہیں کرسکتے، امید ہے نئی شامی حکومت تمام فورسز اور جماعتوں کو حکومت میں شامل کریگی۔ نعیم قاسم نے کہا کہ یہ بات ٹھیک ہے کہ بشارالاسد حکومت کے خاتمہ کے بعد حزب اللہ کا شام سے فوجی سپلائی کا راستہ فی الحال ختم ہو چکا مگر امید ہے کہ نئی حکومت آنے کے بعد یہ راستہ پھر بحال ہوجائے گا یا ہم نئے راستے تلاش کریں گے۔
ٹک ٹاک پر عارضی پابندی روکنے کی درخواست مسترد
نیویارک : امریکی اپیلٹ کورٹ نے گذشتہ روز جمعہ کو ٹک ٹاک کی ہنگامی درخواست مسترد کر دی ہے جس میں مختصر ویڈیو ایپ قانون کو عارضی طور پر روکنے کی اپیل کی گئی تھی۔برطانوی نیوز ایجنسی روئٹرز کے مطابق درخواست میں کہا گیا ہے اس قانون کو روکا جائے جس کے تحت چین کی پیرنٹ کمپنی بائیٹ ڈانس کو جنوری 19 تک مختصر ویڈیو ایپ سے دستبردار ہونے یا پابندی کا سامنا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔ٹک ٹاک اور بائیٹ ڈانس کمپنیوں نے ڈسٹرکٹ آف کولمبیا کی امریکی اپیلٹ کورٹ میں پیر کو ہنگامی درخواست دائر کی تھی کہ ہمیں سپریم کورٹ کے سامنے اپنا کیس پیش کرنے کے لیے مزید وقت دیا جائے۔کمپنیوں نے خبردار کیا ہے کہ اگر عدالت نے عارضی پابندی پر کوئی اقدام نہ کیا تو یہ قانون امریکہ میں ٹک ٹاک بند کر دے گا جو ماہانہ 17 کروڑ سے زائد مقامی صارفین کے لیے اپنے اظہار خیال کا سب سے زیادہ مقبول پلیٹ فارمز میں سے ایک ہے۔