اسرائیل نے اسپینی سفیر کو طلب کرلیا

   

میڈرڈ: ہسپانوی وزیراعظم پیڈرو سانچیز نے جمعرات کو کہا کہ یورپی یونین کو فلسطینی ریاست کو تسلیم کرلینا چاہیے کیونکہ اس سے اسرائیل فلسطین تنازعہ کو ختم کرنے اور خطے کو مستحکم کرنے میں مدد ملے گی۔ اس بیان پر اسرائیل غصہ میں آگیا اور اسرائیلی وزیر خارجہ ایلی کوہن نے ہسپانوی وزیر اعظم کے بیانات کے پس منظر میں میڈرڈ میں تل ابیب کے سفیر کو مشاورت کے لیے طلب کرنے کا اعلان کردیا۔ایلی کوہن نے ’’ایکس‘‘ پر کہا اسپین کے وزیر اعظم کے ہتک آمیز بیانات کے بعد میں نے اسپین میں اسرائیلی سفیر سے رابطہ کیا اور مشاورت کے لیے ان کو واپس طلب کرلیا ہے۔اسرائیل نے تل ابیب میں ہسپانوی سفیر کو بھی طلب کرلیا۔ اسے اس وقت سرزنش کی گئی جب ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا کہ انہیں اسرائیل کے بین الاقوامی انسانی قانون کی تعمیل کے بارے میں سنگین شکوک ہیں۔ اسرائیلی وزیر اعظم بنجامن نتن یاہو کے دفتر نے کہا کہ وزیراعظم نے سانچیز کے شرمناک بیان کے بعد وزیرخارجہ ایلی کوہن کو سفیر کو طلب کرنے کا حکم دیا تھا۔یاد رہے ہسپانوی وزیر اعظم پیڈرو سانچیز نے کہا تھا کہ اسرائیل غزہ میں جو کچھ کر رہا ہے وہ ناقابل قبول ہے۔