تل ابیب ؍ بیروت : اسرائیل نے پیر کی ڈیڈ لائن کے باوجود جنوبی لبنان میں اسرائیلی فوج کی تعیناتی برقرار رکھنے کا اعلان کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق اسرائیلی وزیرِ اعظم آفس نے معاہدہ پر مکمل عمل درآمد نہ ہونے کا دعویٰ کر دیا ہے۔ اسرائیلی وزیرِ اعظم آفس کا کہنا ہے کہ اسرائیلی فوج کا انخلاء علاقے میں لبنانی فوج کی تعیناتی اور معاہدہ پر عمل درآمد پر منحصر ہے۔ معاہدہ کے مطابق لبنان کے جنوبی علاقے سے پیر کی صبح 4 بجے تک حزب اللّٰہ کے جنگجو اور اسرائیلی فوج کا انخلاء ہونا ہے اور لبنانی فوج کی تعیناتی ہونی ہے۔دوسری جانب اقوامِ متحدہ نے یمن میں عملے کے اراکین کو حراست میں لینے پر حوثیوں کے زیرِ اثر علاقوں میں اپنی سرگرمیاں معطل کر دیں۔
برطانیہ، آئرلینڈ میں طوفان، ایک ہزار پروازیں منسوخ
لندن ؍ یمسٹرڈم : برطانیہ اور آئرلینڈ کے کئی علاقوں میں طوفان ایوئین کے اثرات دیکھنے میں آرہے ہیں، ایک سو ساٹھ کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں۔ آئرلینڈ میں ایک ہزار سے زائد پروازیں منسوخ کردی گئیں، دس لاکھ سے زائد گھر بجلی سے محروم سے ہیں۔ کار پر درخت گرنے سے آئرلینڈ میں ایک شخص ہلاک ہوگیا۔