اسرائیل کا غزہ میں ہند رجب کو ہلاک کرنے کا اعتراف، جانچ شروع

   

یروشلم ۔ 20 اگست (ایجنسیز) اسرائیلی فوج نے اعتراف کیا ہے کہ 2024 میں غزہ میں پانچ سالہ فلسطینی بچی ہند رجب اور اس کے خاندان کو لے جانے والی گاڑی پر اسرائیلی فوجیوں نے فائرنگ کی تھی۔ فوج نے اس واقعہ کی فوجداری تفتیش شروع کرنے کا اعلان بھی کیا ہے۔ ہند رجب کی ہلاکت غزہ پٹی میں اسرائیل کی فوجی کارروائیوں کے دوران عام شہریوں کی ہلاکت کے نمایاں ترین واقعات میں شمار ہوتی ہے۔ یہ کارروائی 2023 میں جنوبی اسرائیل پر حماس کی قیادت میں کیے گئے حملوں کے بعد شروع ہوئی تھی۔ ہند رجب کئی گھنٹوں تک گاڑی میں پھنسے رہنے کے بعد ہلاک ہو گئی تھی۔ اس دوران اس نے موبائل فون کے ذریعہ فلسطینی طبی امدادی کارکنوں سے مدد کی اپیل کی۔ اس کی خالہ، ماموں اور تین کزن پہلے ہی گاڑی میں ہلاک ہو چکے تھے۔ ایک ایمبولینس اسے بچانے کے لیے روانہ کی گئی، لیکن جائے وقوعہ پر پہنچنے کے کچھ ہی دیر بعد امدادی کارکنوں کا ہند اور ایمبولینس کے عملے دونوں سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔ پھر 12 روز بعد اس بچی، اس کے رشتہ داروں اور دو ایمبولینس کارکنوں کی نعشیں علاقہ سے برآمد ہوئی تھیں۔