تل ابیب ۔ 10 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ملک میں ہوئے عام انتخابات کے نتیجے میں اسرائیل کی عرب مسلم اقلیتی آبادی نے ایک حجاب پوش خاتون کو منتخب کر کے ملکی پارلیمان میں پہنچا دیا۔ وہ اسکارف پہننے والی پہلی مسلم خاتون رکنِ پارلیمان ہیں۔55 سالہ ایمان یاسین خطیب اسرائیل کی 120 رکنی پارلیمان (کنیسٹ) میں جوائنٹ لسٹ کولیشن کے دیگر 15 ارکان کے ساتھ پہنچی ہیں۔اس پارٹی کو اسرائیل میں بسنے والی عرب آبادی (جو ملک کی کل آبادی کا تقریبآ 21 فیصد بنتی ہے) کے سب سے زیادہ ووٹ پڑے۔ واضح رہے کہ اسرائیل میں عرب شہری اقلیت میں ہیں، جو نسلی طور پر فلسطینی ہیں مگر ان کے پاس اسرائیلی شہریت ہے۔خطیب چار بچوں کی والدہ ہیں اور قومی سیاست میں داخلے سے قبل ایک کمیونٹی سینٹر میں بہ طور مینیجر خدمات انجام دے چکی ہیں۔خطیب نے اپنی انتخابی فتح کے بعد ناصرہ کے علاقے میں جشن منایا جہاں مقامی افراد نے ان کے ساتھ تصاویر بھی بنوائیں۔ خطیب کا کہنا ہے، ”توجہ کا مرکز حجاب کسی صورت نہیں ہونا چاہیے بلکہ زیادہ اہم یہ ہیکہ اس کے اندر کون اور کیا ہے۔ یعنی بات صلاحیت کی ہونا چاہیے جو کمیونٹی کو جدت کی جانب لے جانے کے امکانات سے پْر ہے۔‘‘