اسرائیلی اور امریکی وزرائے خارجہ کامشرق وسطیٰ پر تبادلہ خیال

   

واشنگٹن ؍ تل ابیب : اسرائیل کے وزیر خارجہ ایلی کوہن نے پیر کو امریکی وزیر خارجہ انٹونی بلنکن کے ساتھ ایک ٹیلی فون کال میں مشرق وسطیٰ کے دیگر ممالک کے ساتھ سفارتی تعلقات قائم کرنے کی کوششوں پر تبادلہ خیال کیا۔ اسرائیلی وزارت نے ایک بیان میں کہا۔اس سے قبل، وائٹ ہاؤس کے قومی سلامتی کے مشیر جیک سلیوان نے کہا تھا کہ واشنگٹن گذشتہ ہفتے سعودی عرب کے دورے سے قبل اسرائیل اور سعودی عرب کے درمیان تعلقات استوار کرنے کیلئے سخت محنت کر رہا ہے، لیکن اسرائیلی بیان میں کسی ملک کی وضاحت نہیں کی گئی۔اسرائیلی وزارت کے بیان میں کہا گیا ہے کہ “وزیر خارجہ ایلی کوہن نے علاقائی استحکام کو فروغ دینے کے مقصد کے تحت حالیہ اسرائیلی سرگرمیوں کے بارے میں امریکی سکریٹری آف اسٹیٹ کو آگاہ کیا اور دونوں نے ابراہیم معاہدے کو وسعت دینے کیلئے معمول کے اضافی اقدامات کو آگے بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا۔اس معاہدے کے تحت 2020 میں اسرائیل نے امریکہ کی ثالثی میں بحرین اور یو اے ای سے تعلقات قائم کیے تھے۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ کوہن نے پیر کو یروشلم میں امریکی سفیر اموس ہوچسٹین سے بھی ملاقات کی اور ’’خطے میں سفارتی اقدامات کی پیشرفت‘‘ پر تبادلہ خیال کیا۔سعودی عرب نے 2020 کے معاہدوں کی پیروی نہیں کی تھی اور کہا کہ فلسطینی ریاست کے معاملے کو پہلے حل کیا جانا چاہیے۔