اسرائیلی سرکاری ادارے ہیکرو ں کے نشانہ پر

   

یروشلم : نامعلوم ہیکروں نے اسرائیلی سرکاری اداروں کو نشانے پر رکھ لیا،جس کے بعد اہم ادارے مفلوج ہوکر رہ گئے۔ اسرائیلی میڈیا کے مطابق سائبر حملے میں وزارت عظمیٰ داخلہ، انصاف، صحت اور دیگر اہم شعبے شدید متاثر ہوئے۔ یروشلم پوسٹ کے مطابق یہ کارروائی مبینہ طور پر ایران سے وابستہ ایک ہیکر گروپ نے کی ہے۔ سائبر حملے کے باعث وزارت صحت، داخلہ اور انصاف کی وزارتوں کے ساتھ ساتھ کچھ وقت کے لیے وزیر اعظم کا دفتر بھی بند ہو کر رہ گیا۔ حکومت کا کہنا ہے کہ چند ویب سائٹیں بحال کر دی گئی ہیںاور آہستہ آہستہ تمام سرگرمیاں معمول پر آرہی ہیں۔ ذرائع ابلاغ کے مطابق یہ اسرائیل کے خلاف ہونے والا اب تک کا سب سے بڑا سائبر حملہ ہے۔ نقصانات کا جائزہ لینے کے لیے نیشنل سائبر ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔دوسری جانب ایران کے سرکاری ٹی وی نے ایک بیان میں کہا کہ ایران نے اپنے فردو کے نیوکلیئرپلانٹ پر ہونے والے حملے کو ناکام بنا دیا ہے۔ ایران ماضی میں ملک کی نیوکلیئرتنصیبات پر ہونے والے حملوں کا الزام اسرائیل پر عائد کرتا رہا ہے۔ گزشتہ برس ایران کے نطنز نیوکلیئر پلانٹ میں ایک دھماکہ ہوا تھا ، جس سائبر حملے کا نتیجہ قرار دینے کی کوشش کی گئی تھی۔