اسرائیلی فوج نے فلسطینی کو شہیدکردیاگاڑی کی ٹکر سے 5 اسرائیلی زخمی

   

یروشلم : مغربی کنارے میں اسرائیلی فوج نے فائرنگ کرکے ایک فلسطینی کو شہید کردیا۔ دوسری طرف اسرائیلی پولیس نے کہا ہیکہ القدس میں لوگوں کے ہجوم پر گاڑی چڑھانے کے ایک واقعہ میں 5 افراد زخمی ہوگئے ہیں۔ مشتبہ کار ڈرائیور کو فوری طور پر بے اثر کردیا گیا۔اسرائیلی ایمبولینس سروس نے بتایا کہ زخمی ہونے والے 5 افراد کا علاج کیا جارہا ہے جن میں ایک 70 سالہ شخص بھی شامل ہے۔ وہ بیہوش ہے اور اس کی حالت تشویشناک ہے۔ زخمیوں میں ایک 30 سالہ خاتون اور تین دیگر مرد بھی شامل ہیں۔مقامی ٹیلی ویژن چینلز نے فوٹیج دکھائی جس میں یروشلم کے ایک پرہجوم بازار کے قریب جائے وقوعہ پر پولیس کی بھاری موجودگی دکھائی گئی۔ اسرائیلی وزیراعظم نتن یاہو نے اسرائیلی شہریوں کو گاڑی تلے روندنے کے واقعہ کو دہشت گردانہ حملہ قرار دے دیا۔فلسطینی وزارت صحت نے پیر کے روز مغربی کنارے میں اریحان کے قریب عقبات جابر کیمپ میں 20 سالہ فلسطینی نوجوان سلیمان عیاش کی شہادت کا اعلان کیا۔اسرائیلی فوج نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ اس کی فورسز نے ایک فوجی آپریشن کے دوران ایک ’’مطلوب‘‘ شخص کو گرفتار کرلیا ہے۔بیان کے مطابق آپریشن کے دوران دو مشتبہ افراد کو جائے وقوعہ سے فرار ہوتے ہوئے دیکھا گیا۔ فوجیوں نے فائرنگ کی۔ اریحا کے گورنر جہاد ابو عسل نے فرانسیسی پریس ایجنسی کو بتایا ہے کہ اسرائیلی فوج ابو عیاش کی نعش اپنے پاس ہی رکھ لی ہے۔ خیال رہے اسرائیل عام طور پر شہید ہونے والے فلسطینیوں کی نعشیں روک لیتا ہے اور انہیں ان کے اہل خانہ کے حوالے نہیں کرتا۔