مغربی کنارہ : اسرائیلی فوجیوں نے جمعہ کے روز مغربی کنارہ میں قائم یہودی بستیوں کے خلاف مظاہرہ کرنے والی ایک امریکی خاتون کو ہلاک کر دیا، یہ بات اسو سی ایٹیڈ پریس کو دو مظاہرین نے بتائی جنہوں نے فائرنگ کا واقعہ دیکھا تھا۔ امریکی حکومت نے سیاٹل کی 26 سالہ آیسنور ایزگی ایگی کی موت کی تصدیق کی ہے جو واشنگٹن یونیورسٹی سے حال ہی میں گریجویٹ ہوئی تھیں لیکن یہ نہیں بتایا کہ آیا انہیں اسرائیلی فوجیوں نے گولی ماری تھی۔ وائٹ ہاؤس نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ ایک امریکی شہری کی ہلاکت سے بہت پریشان ہے اور اسرائیل سے اس واقعہ کی تحقیقات کرنے کا مطالبہ کرتا ہے۔ ایگی ایک ترک شہری بھی تھیں، ترک وزارت خارجہ کے ترجمان اونکو کیسیلی نے کہا کہ ملک اس بات کو یقینی بنانے کیلیے ہر ممکن کوشش کرے گا کہ ہماری شہری کو قتل کرنے والوں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے۔ اسرائیلی فوج نے کہا کہ وہ ان رپورٹس کا جائزہ لے رہی ہے کہ فوجیوں نے احتجاج کے علاقہ میں پرتشدد سرگرمیوں پر ابھارنے والے ایک شخص پر فائرنگ کرتے ہوئے ایک غیر ملکی شہری کو ہلاک کر دیا۔ ایگی یہودی بستیوں کی توسیع کے خلاف ہونے والے اس ہفتہ وار مظاہرے میں شرکت کر رہی تھیں جوماضی میں پرتشدد شکل اختیار کر چکے تھے۔