4 یونیورسٹیز کی گورننگ کونسل نے منظوری دی ۔ کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس کی خدمات جوں کا توں برقرار
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی : ( سیاست نیوز) : ریاست کی یونیورسٹیز میں اسسٹنٹ پروفیسرس کے تقررات میں اہم پیشرفت ہوئی ہے ۔ چار یونیورسٹیز کی گورننگ کونسل نے حال ہی میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کی منظوری دی ہے ۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ مزید 8 یونیورسٹیز بھی اس سمت عنقریب فیصلہ کریں گی ۔ ساتھ ہی ریاست میں 10 تا 15 سال سے کنٹراکٹ پر خدمات انجام دینے والے اسسٹنٹ پروفیسرس کی خدمات کو جوں کا توں برقرار رکھا جائے گا ۔ یعنی ماباقی جائیدادوں پر ہی تقررات کیا جائے گا ۔ توقع ہے کہ حکومت ان جائیدادوں پر تقررات کرنے کے لیے نوٹیفیکیشن کی اجرائی کے وقت تک کنٹراکٹ پروفیسرس کی جاب سیکوریٹی اور دیگر مطالبات پر واضح موقف کا اعلان کردے گی ۔ ریاست کی یونیورسٹیز میں 31 دسمبر تک جملہ منظورہ 2878 جائیدادیں ہیں ان میں 753 پروفیسرس خدمات انجام دے رہے ہیں ۔ 2125 جائیدادیں مخلوعہ ہیں ۔ ریاستی حکومت نے اس سال 4 اپریل کو ان یونیورسٹیز میں اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں پر تقررات کو یقینی بنانے کے لیے جی او جاری کیا ہے ۔ دو ماہ گذرنے کے باوجود اس معاملے میں کوئی پیشرفت نہیں ہوئی ہے ۔ 74 فیصد تدریسی عملہ کی جائیدادیں مخلوعہ ہیں اور کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس کی جانب سے احتجاج بھی کیا گیا ہے ۔ مخلوعہ تدریسی عملہ کے تقررات کا نوٹیفیکیشن جاری کرنے کے لیے یونیورسٹی گورننگ کونسل کی منظوری ضروری ہے ۔ حال ہی میں کاکتیہ ، شاتاواہنا ، عثمانیہ اور پالمور یونیورسٹیز کی گورننگ کونسل کا سکریٹریٹ میں اجلاس منعقد ہوا ہے ۔ جس میں محکمہ تعلیم کی سکریٹری یوگیتا رانا ، کالج ایجوکیشن کمشنر سری دیواسینا محکمہ فینانس کے اعلیٰ عہدیداروں نے شرکت کی ۔ کنٹراکٹ اسسٹنٹ پروفیسرس کی جائیدادوں کو چھوڑ کر ماباقی مخلوعہ جائیدادوں پر تقررات کے لیے ہری جھنڈی دکھائی ۔ مختلف یونیورسٹیز میں تحفظات پر عمل کرنے کے لیے روسٹرس پوائنٹس کو تیار کرنے کے بعد نوٹیفیکیشن جاری کیا جائے گا ۔ بتایا جاتا ہے کہ یہ عمل شروع ہونے میں تھوڑا وقت لگے گا ۔ حالیہ گورننگ کونسل کے اجلاس میں کاکتیہ یونیورسٹی میں 145 شاتاواہنا یونیورسٹی کے حدود میں نئے انجینئرنگ اور لا کالج قائم کئے جارہے ہیں ۔ ان میں تمام شعبوں کے جملہ 68 تدریسی جائیدادیں منظور ہوئی ۔ عثمانیہ یونیوسٹی اور پالمور یونیورسٹیز کے اجلاسوں میں عثمانیہ یونیورسٹی میں 250 اور پالمور یونیورسٹی میں 8 جائیدادوں کو منظوری دی گئی ہے ۔۔ 2